مزیدار قیمہ ہر کسی کی پسند

August 24, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

مزیدار قیمہ بنانے کا آسان طریقہ

ہمارے ہاں پکوانوں میں سب سے زیادہ گوشت سے بنے پکوان پسند کیے جاتے ہیں۔ گوشت کو پیس کر قیمہ کی شکل بھی دی جاتی ہے اور قیمہ ایک عرصے سے من پسند کھانوں کی فہرست میں شمار ہوتا ہے۔شاید ہی کوئی ایسا ہو جس کو قیمہ پسند نہ ہو ۔اپنی پسند کے مطابق چکن،مٹن،بھیڑ اور بیف کا قیمہ بنوا کر اس سے طرح طرح کے مزیدار پکوان بنائے جاتے ہیں۔قیمہ سے کچھ روایتی اور نئی دونوں ڈشز بنائی جاتی ہیں۔مغلوں اور نوابوں کے دور سے ہی قیمہ بہت پسند کیا جاتا ہے۔قیمہ سے مختلف کباب بھی بنائے جاتے ہیں جبکہ مصالحوں کے ساتھ بھون کر بھی تیار کیا جاتا ہے۔جبکہ قیمہ بریانی بھی پسند کی جاتی ہے۔قیمہ سے بنےلذیذ پکوانوں کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

بیکڈ قیمہ

اجزاء۔

قیمہ ۔آدھا کلو

تیل۔ ایک چوتھائی کپ

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

پیاز ۔تین کھانے کے چمچ ﴿تلی اور پسی ہوئی

دار چینی۔ آدھا چائے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

خربوزے کے بیج۔ ایک کھانے کا چمچ ﴿پسے ہوئے

کچا پپیتا۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

دہی ۔آدھا کپ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

گرم مصالحہ ۔ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

ہرا دھنیا۔ دو کھانے کے چمچ ﴿کٹا ہوا

ہری مرچ ۔چار عدد ﴿کٹی ہوئی

پیاز۔ گارنش کے لئے (لچھے میں کٹی ہوئی)

ٹماٹر کے رنگز۔ گارنش کے لئے

ہری مرچ ۔گارنش کے لئے

ترکیب۔

ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ہلکا سنہرا ہونے تک فرائی کرلیں۔

اب اس میں قیمے کو تیل کے ساتھ شامل کریں۔

ساتھ ہی پیاز، دار چینی، پسے خربوزے کے بیج، پسا کچا پپیتا، دہی، نمک، پسا گرم مصالحہ، پسی لال مرچ، کٹا ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

پھر اسے ایک اوون پروف بیکنگ ڈش میں نکالیں اور پہلے سے گرم اوون میں ایک سو ساٹھ ڈگری سینٹی گریڈ پر تیس منٹ کے لیے بیک کرلیں۔

اب اسے کوئلے کا دَم دے کر پیاز کے لچھے، ٹماٹر کے رنگز اور ہری مرچ سے گارنش کرکے سرو کریں۔

مکھنی قیمہ

اجزاء۔

قیمہ ۔1 کلو

پیاز۔دو عدد

ٹماٹر۔دوعدد

گرم مصالحہ۔آدھا چائے کا چمچ

لال مرچ۔حسبِ ضرورت(پسی ہوئی)

ہرا دھنیا۔تھوڑا سا

ہری مرچ۔حسبِ ضرورت (باریک کٹی ہوئی)

پنیر۔آدھا کپ(کش کیا ہوا)

سویٹ کارن۔ایک کپ(ابلے ہوئے)

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ

ثابت لال مرچ۔چھ عدد

نمک ۔حسبِ ذائقہ

ہلدی ۔آدھا چائے کا چمچ

آئل۔حسبِ ضرورت

ترکیب۔

کڑاہی میں آئل گرم کریں اور اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کربراؤن کریں۔اب اس میں ادرک ،لہسن،نمک ،مرچ،ہلدی اور ٹماٹر ڈال کر بھونیں۔قیمہ ڈال کر اسے گلنے کے لئے رکھ دیں۔قیمہ گلنے پر اس میں سویٹ کارن شامل کر لیں۔اور پانی خشک کر کےدوبارہ بھونیں۔اب اس میں گرم مصالحہ شامل کر دیں۔اور دم لگانے کے لئے رکھ دیں۔ہری مرچ اور ہرا دھنیا چھڑک کر پنیر بھی باریک کش کرکے شامل کردیں۔

مٹن موتی

اجزاء۔

آلو۔ آدھا کلو ﴿اُبلے اور میش کئے ہوئے

نمک ۔حسب ِذائقہ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

تیل۔ تین کھانے کے چمچ

سونف۔ آدھا چائے کا چمچ ﴿کٹی ہوئی

پیاز۔ ایک عدد ﴿درمیانی اور کٹی ہوئی

ادرک ۔ایک ٹکڑا ﴿کٹی ہوئی

لہسن کے جوے۔تین سے چار عدد ﴿کٹا ہوا

بکرے کا قیمہ۔ آدھا کلو

ٹماٹر ۔دو عدد ﴿اُبلے اور کٹے ہوئے

پانی ۔ایک کپ

ہری مرچ۔ دو سے تین عدد ﴿موٹی اور کٹی ہوئی

ہرا دھنیا۔ دو سے تین کھانے کے چمچ ﴿کٹا ہوا

انڈے۔ دو عدد

دودھ ۔دو کھانے کے چمچ

میدہ ۔تین سے چار کھانے کے چمچ

بریڈ کرمبز۔ ایک پیالی

تیل ۔تلنے کے لیے

اسپائسی پیسٹ کے لیے۔

زیرہ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

سونف پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی ۔آدھا چائے کا چمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر ۔آدھا چائے کا چمچ

پانی۔ تین سے چار کھانے کے چمچ

ترکیب۔

پہلے زیرہ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، سونف پاؤڈر، ہلدی اور گرم مصالحہ پاؤڈر کو تین کھانے کے چمچ پانی کے ساتھ مکس کرکے ایک طرف رکھ دیں۔

اب میش کیے ہوئے آلو میں تھوڑا سا نمک اور لال مرچ مکس کرکے ایک طرف رکھ دیں۔

ایک پین میں تین کھانے کے چمچ تیل گرم کرکے سونف کو ہلکا سا فرائی کریں۔

پھر اس میں پیاز، ادرک اور لہسن شامل کرکے اتنا پکائیں کہ ہلکا گولڈن کلر آجائے۔

اب اس میں قیمہ شامل کرکے تھوڑا سا بھونیں، تاکہ پانی خشک ہو جائے۔

پھر قیمے میں پانچ اسپائسز کا تیار کیا ہوا پیسٹ شامل کرکے تین سے چار منٹ تک مزید پکائیں۔

اب ٹماٹر شامل کرکے پکاتے جائیں۔

ساتھ میں ایک کپ پانی اور تھوڑا سا نمک شامل کرکے مکس کریں اور ڈھک کر چار سے پانچ منٹ تک پکائیں۔

اب ڈھکن ہٹا کر بالکل خشک کرلیں۔

پھر ہری مرچ اور ہرا دھنیا شامل کرکے مکس کریں اور چولہے سے اُتار لیں۔

اب ایک پیالے میں انڈوں کو پھینٹیں اور اس میں دودھ شامل کرکے ایک طرف رکھ دیں۔

پھر تھوڑے سے میش آلو لے کر گول کرلیں۔

اسے ہاتھ سے دبا کر اس میں قیمہ بھر لیں اور دوبارہ کوفتے کی طرح گول کر دیں۔

جب تمام موتی تیار ہو جائیں تو اس پر خوب میدہ چھڑکیں اور انڈے میں ڈپ کرکے بریڈ کرمبز سے کوٹ کرتے جائیں۔

جب تمام تیار ہو جائیں تو انھیں تیل میں ڈیپ فرائی کرلیں۔

فرائی ہونے پر پلیٹ میں ڈال کر سرو کریں۔

کباب دیگ

اجزاء۔

قیمہ ۔آدھا کلو

چنے۔ دو کھانے کے چمچ ﴿بھنے ہوئے

سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

کالا زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

چھوٹی الائچی۔ چھ عدد

کالی مرچ ۔چار عدد

خشخاش۔ ایک کھانے کا چمچ

ڈبل روٹی۔ سلائس دو عدد

کچے پپیتے کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

تیل ۔تلنے کے لیے

:دیگی بنانے کے لیے

تیل ۔ایک پیالی

پیاز ۔تین عدد ﴿باریک کٹی ہوئی

دہی۔ ایک پیالی

سفید سرکہ۔ ایک قطرہ

دیگی لال مرچ۔ چار عدد

سوکھا دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ ﴿ثابت

ادرک لہسن کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ ۔ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

نمک۔ حسب ذائقہ

بادام ۔دس عدد

چھوٹی الائچی۔ چار عدد

خشخاش ۔ایک کھانے کا چمچ

کالا زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

ترکیب۔

پہلے چنے، سفید زیرہ، کالا زیرہ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ اور خشخاش ملا کر باریک پیس لیں۔

اب قیمہ اور ڈبل روٹی کےسلائس کو ملاکر چوپر میں پیس لیں۔

پھر پسا مصالحہ، پپیتے کا پیسٹ اور نمک کو قیمے میں ڈال کر اچھی طرح ملالیں اور چھوٹے چھوٹے سیخ کباب بناکر فرائنگ پین میں شیلو فرائی کرلیں۔

دیگی بنانے کےلئے:ایک دیگچی میں تیل گرم کرکے پیاز گولڈن براؤن کرکے نکالیں اور ٹشو پر پھیلا دیں۔

جب پیاز خستہ ہو جائے تو اسے کُوٹ کر دہی میں ملا دیں۔

تھوڑے سے پانی میں سفید سرکہ ملا کر دیگی لال مرچ اُبال لیں۔

پھر ابلی دیگی لال مرچ اور دھنیا ملاکر چٹنی پیس لیں۔

یہ چٹنی بھی دہی میں ڈال دیں۔

اب ادرک لہسن کا پیسٹ، گرم مصالحہ، دہی کا مکسچر اور نمک کو دیگچی میں ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔

پھر تلے ہوئے کباب پھیلاکر دیگچی میں ڈال دیں اور آدھی پیالی گرم پانی شامل کرکے پکنے دیں۔

آخر میں بادام، چھوٹی الائچی، خشخاش اور کالا زیرہ ملاکر پیس لیں اور دیگچی میں ڈال کر پانچ منٹ دَم پر رکھ دیں۔

کباب دیگ سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

قیمہ بھرے ٹماٹر

اجزاء۔

قیمہ۔ آدھا کلو

ٹماٹر۔ آدھا کلو

انڈہ۔ ایک عدد

تیل۔حسبِ ضرورت

ڈبل روٹی کا چورا ۔تھوڑا سا

پیاز۔ دو عدد (باریک کٹا ہوا)

لہسن ادرک پیسٹ۔ چار چائے کے چمچ

گرم مصالحہ ۔حسبِ ضرورت (پسا ہوا)

ہری مرچ ۔حسبِ ذائقہ

لال مرچ۔ حسبِ ذائقہ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

آٹا۔ حسبِ ضرورت

ٹماٹروں کے اندر کا گودا اور بیج نکال دیں۔

تیل ڈال کر پیاز لال کرکے نکال لیں۔

پھر اس میں قیمہ بھونیں چند منٹ بعد لال مرچ، نمک، گرم مصالحہ، لہسن ادرک پیسٹ بھی ڈال دیں اور دَم پر رکھیں۔

دس منٹ بعد پتیلی کو چولہے سے اُتار کر اس میں ہری مرچ اور تلی ہوئی پیاز ملا کر ٹماٹروں میں بھر دیں۔

اب ان کے منہ آٹے کی سخت تہہ سے بند کرنے کے بعد ان پر دھاگہ لپیٹ دیں۔

فرائی پین میں تیل لیں اور ٹماٹروں کے منہ پر انڈے میں ڈِپ کیا ہوا ڈبل روٹی کا چورا لگا کر انہیں ہلکا سا تَل لیں۔

جب یہ حصہ سرخ ہو جائے تو ٹماٹروں کو باہر نکال لیں۔

سلاد کے باریک کٹے پتے سجا کر پیش کریں۔

ملائی کوفتہ ہانڈی

اجزاء۔

گائے کا قیمہ۔ آدھا کلو ﴿مشین کا پسا ہوا

چنے ۔دو کھانے کے چمچ

چھوٹی الائچی ۔چار عدد

خشخاش ۔ایک کھانے کا چمچ

کالی مرچ۔ چار عدد ﴿ثابت

لونگ۔ چار عدد

سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

ڈبل روٹی کے سلائس۔ دو عدد

نمک۔ حسب ِذائقہ

فریش کریم۔ آدھا پیکٹ

تیل ۔حسبِ ضرورت

پیاز ۔تین عدد ﴿باریک کٹی ہوئی

دہی۔ ایک پیالی

لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ

دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ ﴿پسا ہوا

گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

پودینہ۔ آدھی گٹھی ﴿باریک کٹا ہوا

ہری مرچ۔ چار عدد ﴿باریک کٹی ہوئی

ہرا دھنیا ۔آدھی گٹھی ﴿باریک کٹا ہوا

ترکیب۔

پہلے چنے، چھوٹی الائچی، خشخاش، ثابت کالی مرچ، لونگ اور سفید زیرہ ملاکر باریک پیس لیں۔اب ڈبل روٹی کے سلائس توڑ کر قیمے میں ملائیں۔ساتھ میں پسا ہوا مصالحہ ڈال کر چوپر میں پیس لیں۔پھر اس میں تھوڑا سا نمک ملالیں۔اب دو کھانے کے چمچ فریش کریم شامل کرکے چھوٹے چھوٹے کوفتے بنالیں۔فرائینگ پین میں تیل گرم کرکے کوفتے فرائی کریں اور ایک طرف رکھ دیں۔

اب ہانڈی میں تیل گرم کرکے پیاز گولڈن براؤن کرکے نکالیں اور ٹشوپر پھیلا کر خستہ کرلیں۔

پھر پیاز کو ہاتھ سے کچل کر دہی میں ملادیں۔

اس کے بعد لال مرچ، ہلدی، پسا دھنیا، گرم مصالحہ اور نمک ملاکر ہانڈی میں ڈال دیں۔

اب اسے ہلکا سا بھون کر کوفتے پھیلا کر ڈالیں۔

ساتھ ہی گرم پانی شامل کرکے ہانڈی کو ہلاتے رہیں۔

اس کے بعد باقی بچی ہوئی فریش کریم، پودینہ، ہری مرچ ہرا دھنیا ڈال کر پانچ منٹ دَم پر رکھیں۔مزے دار ہانڈی ملائی کوفتہ تیار ہے۔