مصباح الحق ہیڈ کوچ کیلئے آج درخواست جمع کرائیں گے

August 26, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے سب سے مضبوط اور فیورٹ اُمیدوار مصباح الحق پیر کو باضابطہ درخواست دیں گے۔ سری لنکا کی ہوم سیریز میں مصباح الحق اپنے اسائمنٹ کا باضابطہ آغاز کریں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچز 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گےجبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو ہوں گے۔ انہیں ہیڈ کوچ کے ساتھ چیف سلیکٹر بھی بنایا جائے گا۔

توقع ہے کہ وہ تین سال کے لیے یہ ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمے داریاں کوئی بھی ایک شخص ادا کرے گا۔ مصباح الحق درخواست دینے کے ساتھ ہی پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی سے مستعفی ہوجائیں گے۔

ہیڈ کوچ بننے کے بعد مصباح الحق اپنے کوچز کی ٹیم تیار کریں گے۔ بولنگ کوچ کے لیے محمد اکرم مضبوط اُمیدوار ہیں۔

وقار یونس کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مصباح الحق ہیڈ کوچ کے لیے درخواست نہیں دیں گے تو وہ ہیڈ کوچ کے لیے تیسری اننگز کھیلنے کا چانس لیں گے۔ دوسری جانب مصباح الحق کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ہیڈ کوچ بننے کے لیے ذہن بناچکے ہیں اور انہوں نے اپنے دوستوں کو اشارہ دیا ہے کہ وہ پیر کو درخواست دیں گے۔

مصباح الحق اس وقت لاہور میں پری سیزن کیمپ میں کیمپ کمانڈنٹ کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کی ٹیموں کا جائزہ لینے کے لیے آزادانہ سلیکشن پینل میں بھی مصباح الحق کو شامل کیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا پیر کو آخری دن ہے۔

مکی آرتھر کی جگہ کوچنگ کے لیے سب سے مضبوط اُمیدوار اور سابق کپتان مصباح الحق اور سبکدوش ہونے والے کوچ مکی آرتھر نے اتوار تک ہیڈ کوچ کے لئے درخواست نہیں دی تھی۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے درخواست دینے کے لیے پر اسرایت رکھی ہوئی ہے تاہم پیر کو وہ درخواست جمع کراکر قیاس آرائیوں کا خاتمہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بہت سارے معاملات پر اتفاق پایا جاتا ہے۔ اب تک جن لوگوں نے ہیڈ کوچ کے لیے درخواستیں دی ہیں ان میں آسٹریلوی ڈین جونز کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے شہرہ آفاق فاسٹ بولر کورٹنی والش شامل ہیں۔جبکہ بولنگ کوچ کے لیے وقار یونس، محمد اکرم اور جلال الدین کے نام نمایاں ہیں۔

بیٹنگ کوچ کے لیے ٹیسٹ بیٹسمین فیصل اقبال کا نام سامنے آیا ہے۔ کورٹنی والش بنگلہ دیش کے کوچ رہ چکے ہیں۔ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹیڈ کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور اس سے قبل بھی پاکستان کی کوچنگ کے لیے امیدوار رہ چکے ہیں۔

وقار یونس اور محمد اکرم پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ مصباح الحق کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ ہیڈ کوچ کےلیے سب سے مضبوط اُمید وار ہیں۔

تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بننے سے قبل پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی چھوڑنا ہوگی۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ اتوار تک ہیڈ کوچ کے لیے تقریبا دس اُمیدوار میدان میں آئے تھے جن میں چھ غیر ملکی ہیں۔ اسی طرح بولنگ، بیٹنگ اور ٹرینر کے لیے بھی درخواستیں ملی ہیں۔

اس ماہ کے آغاز میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔