لاہور کی ٹیم دوسری بار سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریگی

August 27, 2019

لاہور کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیژر لیگز نیشنل چیمپئن شپ کے فائنل میں کراچی کو شکست دیکر مسلسل دوسری بار سوکا ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور کی ٹیمنے کراچی کو ٹائی بریکر پر 2-1سے شکست دی، لاہور کی ٹیم12سے20اکتوبرتک یونان میں ہونے والےورلڈ کپ میں شرکت کریگی۔ دوسرا سوکا ورلڈ کپ کیلئے لیثررلیگز نے یوکے سے تعلق رکھنے والے ایک تجربہ کار اور یوئیفا لائسنس کوچ کیون ریوز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔کیون ریوز کو فٹبال ٹیموں کی کوچنگ کا وسیع تجربہ ہے ۔ فائنل کے مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری تھے انہوں نے انعامات تقسیم کئے۔ لاہور کی ٹیم کو ایک لاکھ، رنراپ کراچی کو 50ہزار، سیمی فائنلسٹ بلوچستان اور پشاور کی ٹیموں میں 50,50ہزار روپے کے کیش پرائز تقسیم کئے۔ ایونٹ کی شاندار رنگارنگ تقریب میں دیگر مہمانوں میں ورلڈ گروپ کے گلوبل پیٹرن ان چیف محمد میاں سومرو، چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا، لارڈ شہزاد علی اور جنرل (ر) ہارون پاشا اور دیگر بھی شامل تھے۔ فائنل راؤنڈ میں چاروں صوبوں کی ایک ایک ٹیم نے کوالیفائی کیا۔ نیشنل چیمپئن شپ میں ملک بھر کی 800ٹیموں نے حصہ لیا اور ہر صوبہ کی ایک ایک چمپئن ٹیم کو فائنل رائؤنڈ میں رسائی حاصل ہوئی۔ لاہور کی ٹیم کو دوسری بار لیژر لیگز نیشنل چیمپئن شپ کی فاتح ہونے کا اعزاز ملا۔ اس سے قبل کھیلی گئی چیمپئن شپ کے پہلے ایڈیشن میں لاہور نے پشاور کو ٹائی بریکر پر شکست دے کر بحیثیت نیشنل چیمپئن پرتگال کے شہر لسبن میں ہونیوالے افتتاحی سوکا ورلڈ کپ میں شرکت کا اعزاز حاصل کیا تھا جسکی میزبانی انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن نے کی۔

ایونٹ میں شریک 8000سے زائد کھلاڑیوں نے ورلڈ گروپ کو اسمال سائیڈڈ فٹبال کے ذریعہ ملک بھر کے فٹبالرز کو فٹبال کھیل کی جانب راغب کرنے کیساتھ انکی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ محمد میاں سومرو اور محمود ٹرنک والا نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی انکا کہنا تھا کہ وہ کھلاڑی جو انٹرنیشنل ایونٹ کھیلنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے میرٹ پر ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ملک کے ہر صوبے کے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل ایونٹ کھیلنے کا یکساں موقع فراہم کیا گیا اور لاہور کی ٹیم نے اس موقع کا بہترین فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسری بار ورلڈ کپ میں جگہ بنائی۔ گزشتہ سال پرتگال کے شہر لسبن میں ہونے والے افتتاحی سوکا ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ پاکستان کی مردوں اور خواتین کے کئی عالمی مقابلوں میں ٹیم کی کوچنگ کرنے اور دو بارکے سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ نامور اور سینئر کوچ طارق لطفی تھے۔ ان کی کوچنگ ٹیم نے پہلی بار کسی بڑے عالمی ایونٹ میں شرکت کی اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔