لاؤنج کی عمدہ ترتیب کیسے کی جائے؟

August 28, 2019

گھر میں ہمارا زیادہ تر وقت لاؤنج میںگزرتا ہے اور اگر اس میںٹی وی موجود ہو تو اکثر یہاں راتیں بھی گزرنے لگتی ہیں۔ اس کے علاوہ مہمانوںکو بھی اکثر لائونج میں ہی بٹھایا جاتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو اپنے لائونج کی سیٹنگ اور انداز کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس کی اچھی ترتیب اور نفاست آپ کے ذوق کی ترجمانی کرتی ہے۔ ہم اکثر لاؤنج میں ایک ہی طرح کے صوفے استعمال کرتے ہیں، جو غیردلچسپ اور دقیانوسی نظر آتے ہیں۔ اس کے لیے بہتر یہی ہے کہ آپ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو جگائیں اور مختلف اشکال، رنگوں اورمٹیریل سے بنا فرنیچر رکھیں تا کہ ایک نفیس و منفرد لائونج سامنے آسکے۔ آج کل چونکہMinimalist کا زمانہ ہے، جس کے معنی ہیں ’’سادہ اور کم سے کم چیزوں کے ساتھ جگہ کے مطابق چیزوں کو ترتیب دینا‘‘۔ چونکہ ہمارا سب سے زیادہ وقت لاؤنج میں گزرتا ہے، ایسے میں Minimalist کے تحت اس جگہ کو روشن، ہوادار اور سب سے بڑھ کر شائستہ بنایا جاسکتا ہے۔ غیرضروری اشیا سے چھٹکارا حاصل کرکے لاؤنج کو کشادہ اور آرام دہ بنایا جائے تو یہ آپ کی صحت اور موڈ پر بھی اچھا اثر ڈالتا ہے۔ آئیے جانتے ہیںکہ لائونج کو سیٹ کرنے میںکن غلطیوں سے بچا جا سکتا ہے۔

٭شوخ رنگوں سے بچنا اور درمیانے یا ہلکے رنگوں کا انتخاب کرنا سجاوٹ کی دنیا کی ایک عام غلطی ہے۔ بیزاریت سے بچنے کے لیے آپ کو ہلکے رنگوں جیسا کہ بھورے اور سرمئی رنگوں سے بچنا چاہیے اور دھیمے رنگوں کو تازہ دم کر دینے والے شوخ رنگوں جیسا کہ سرخ رنگ کے ساتھ انھیں استعمال کرنا چاہیے۔

٭اگر ٹی وی چھوٹا اور پرانے زمانے کا ہے تو اسے پوری دیوار پر قبضہ نہیں کرنا چاہیے۔ تاہم اگر ٹی وی بڑا اور جدید طرز کاہے تو ہم ایک پوری دیوار کو سجا کر اس پر ٹی وی لگا سکتے ہیں، تا کہ فرنیچر کا رُخ خوبصورتی سے اس کی طرف موڑ سکیں۔

٭اگر لاؤنج چھوٹا ہو تو فرنیچر کو دیوار سے ملا کر رکھنا ایک اچھی تجویز ہے لیکن یہ وسیع ہو تو اس تجویز سے بچنا ہی بہتر ہے، کیونکہ سارا فرنیچر دیوار سے جوڑ دینے سے باقی جگہ خالی اور عجیب لگتی ہے۔

٭اگر آپ کو سجاوٹ میں تصاویر اور فریم پسند ہیں تو آپ کو انہیں منظم انداز میں نفاست سے ترتیب دینے پر توجہ دینی چاہیے کیوں کہ خراب ترتیب یا ایک حصے کو ہی بھر دینے سے یہ نظروں کو بھلے نہیں لگیں گے۔

٭سجاوٹ کی عام غلطیوں میں سے ایک قالین کے اُوپر سامان رکھنا ہے، جس سے اس کا حُسن خراب ہوجاتا ہے۔ نیا قالین خریدنے سے پہلے کمرے کا ناپ ضرور لے لیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ قالین فرنیچر کے ساتھ اچھا لگے۔ چھوٹے قالین کے ساتھ بڑا فرنیچر نہ رکھیں اور قالین سجاوٹی سامان رکھنے کے لیے استعمال نہ کریں۔

٭سفید رنگ ہمیشہ سے ہی نفاست کا معیار رہا ہے، دوسرے ہلکے رنگوں کے ساتھ سفید رنگ اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ موجود رہتا ہے۔ لاؤنج میں جگہ کم ہو تو سامان بھی کم ہی رکھا جائے، بجائے دو یا تین چھوٹے صوفوں کے ایک بڑا صوفہ رکھنابہتر انتخاب ہے۔

٭دور جدید میں کھلےکچن عام ہو رہے ہیں۔ لاؤنج کے ساتھ کچن شاندار ہوتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر میںبھی کچن کے ساتھ لاؤنج ہے تو وہاں سفید اور کالے رنگ کا توازن اور رنگین غالیچہ اسے چارچاند لگاسکتا ہے۔ سفید اور کالے رنگ کو جس ترتیب سے لگایا جائے وہ بہت اہم ہوتا ہے۔

٭فرنیچر وہی خریدیں جو آپ کے کمرے میں صحیح طرح جگہ بناسکے۔ فرنیچر کے چھوٹے چھوٹے دو یا تین حصوں سے بہتر ہے کہ جگہ کی مناسبت سے ایک بڑی چیز رکھ لی جائے۔ جگہ بھرنے کے بجائے چیزوں کا کارآمد ہونا ضرور ی ہے۔ آپ لاؤنج میں صوفے کے دو شاندار سیٹ اور ایک چھوٹا سی میز لگاسکتے ہیں۔ صوفے کے پیچھے شیشہ اور آگے غالیچہ آپ کے لاؤنج کو دلکش بنانے کیلئے کافی ہوسکتاہے۔

٭سبز رنگ کے پردے اور صوفے کے تکیے لائونج کی رونق میں اضافہ کرتے ہیں، محدود جگہ کو یہ کافی خوشنمادکھاتے ہیں۔ جدیدصوفے اور ٹی وی کے لیے بہتر جگہ کا انتخاب لاوئج کوبہترین انداز دے سکتاہے۔

٭ لائونج میںاگر مدھم یا کریم رنگ کیا جائے تو بھی اسے شاہکار بنایا جاسکتاہے۔ کرسیوں کا گہرا رنگ اور کھڑکی کے پاس موجود گہرے رنگ کا چمڑے کا صوفہ کافی خوبصورت دکھائی دے گا۔ اس کے علاوہ دیوار پر موجود خوبصورت تصویر یا فن پارہ لائونج کی دلکشی میں بیش بہا اضافہ کرسکتا ہے۔

٭کوشش کریں کہ آپ کے گھر کا مرکزی کمرہ یعنی لاؤنج ہوادار اور روشن ہو ،اس کیلئے قدرتی روشنی کا مناسب انتظام ضروری ہے جو وٹامن ڈی کا واحد ذریعہ ہے۔

٭ایک کامیاب ڈیزائن کے لئے جگہ کا استعمال اہم ترین ہے۔ کھڑکی سے آتی روشنی سے کمرہ بڑا بڑا، روشن اور چمکدارنظر آتا ہے، ساتھ ہی آپ یہاں پودے رکھ دیں تو لائونج مزید بہتر نظر آسکتا ہے۔ صاف دیواریں کمرے میں زیادہ توجہ حاصل کرتی ہیں۔

٭اگر آپ اپنا لاؤنج ڈیزائن کر رہے ہیں تو آپ کو کمرے میںچیزوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے پر توجہ دینی چاہیے اور فرنیچر اسی حساب سے سیٹ کرنا چاہیے۔ لائونج کی خوبصورتی اس کے فرنیچر کی اچھی ترتیب اور چلنے پھرنے کی کھلی جگہ کے بغیر مکمل نہیںہو سکتی۔ غلط طریقے سے ترتیب دیے گئے کمرے، جن میں چلنے کی جگہ نہ ہو، بھدّے اور غیر آرام دہ لگتے ہیں۔ چاہے آپ وہاں کتنا ہی قیمتی اور پیارا فرنیچر کیوں نہ رکھ لیں۔

٭روشنی سجاوٹ کے اہم ترین عناصر میں سے ایک ہے۔ اس کیلئے مختلف ڈیزائن کا انتخاب کیا جاتا ہے تاہم اگر لاؤنج میںناکافی روشنی لگائی جائے تو یہ کمرے کی وضع کو خراب بھی کر سکتی ہے۔ مثال کے طور پر خراب روشنی کی موجودگی میں کمرے میں سامان دیکھنے میں دشواری ہو گی اور آپ آرام دہ محسوس نہیں کریں گے، اگر روشنی درست ہو تو چاہے وہ قدرتی ہو یا مصنوعی، یہ سکون میں اضافے کا باعث بنے گی۔