Advertisement

ٹینس کوئن۔۔۔۔سرینا ولیمز

September 05, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

دنیا ئے ٹینس ملکہ سرینا ولیمز ایک اور ریکارڈ کے قریب


امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز ’’بیوٹی کوئن‘‘ نہ سہی لیکن اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ وہ ’’ٹینس کی کوئن‘‘ ضرور ہیں۔

اب وہ سابق آسٹریلوی کھلاڑی مارگریٹ کورٹ کا سب سے زیادہ 24 گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف ایک ٹائٹل کی دوری پر ہیں۔

ایک جانب اچھی کارکردگی کے باوجود سرینا ولیمز کو ان کی گہری رنگت اور جسامت کی وجہ سے ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتارہاہے تو دوسری جانب روس کی ماریا شراپوا، سربیا کی سابق ٹینس پلیئر اناایوانووچ ،کینیڈا کی یوجینی بوچارڈ، ڈنمارک کی کیرولینا وزنیاکی، رومانیہ کی سائمونا ہیلپ ودیگر کو فیشن آئیکون سمجھا جاتا ہے۔

اشتہاری کمپنیاں اور اسپانسرز ان حسینائوں کو ہی ترجیح دیتے ہوئے نظر آتے ہیں لیکن جب کھیل اور پروفیشنل کھلاڑی کی بات آتی ہےتو سریناولیمز کی ہم پلہ کوئی اور خاتون کھلاڑی دور دور تک نظر نہیں آتی۔ وہ ان تمام تنقید کو نظر انداز کرتے ہوئے تیزی سے سنگ میل عبور کررہی ہیں۔

وہ 20برس سے زائد عرصے سے دنیائے ٹینس پر حکمرانی کررہی ہیں اور رواں ماہ 38برس ہونے کے باوجود فولاد کی طرح مضبوط اور چاق چوبند نظر آتی ہیں۔

امریکی ٹینس کھلاڑی نے نیویارک میں جاری یو ایس اوپن میں فتوحات کی سنچری مکمل کی اور چین کی وانگ چیانگ کو 44منٹ میں آؤٹ کلاس کرکے 13ویں بار لاسٹ فور میں جگہ بنائی۔

سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ عالمی نمبر 5 پلیئر ایلینا سویتلانا سے ہوگا۔ اگر سیمی فائنل میں ایلینا سویتلانا کیخلاف کامیابی حاصل کرلی تو سرینا ولیمز یو ایس اوپن میں سب زیادہ شرکت کرنے والی ٹینس پلیئر کرس ایورٹ لائیڈ کا ریکارڈ برابر کرلیں گی۔

26ستمبر 1981 کو فلوریڈا میں پیدا ہونے والی ٹینس کھلاڑی نے کمر کی تکلیف سے چھٹکارا پانے کے بعد ٹینس کورٹ میں قدم رکھا اور سال کے آخری گرینڈ سلم کے افتتاحی میچ میں روسی ساحرہ ماریا شراپووا کا قصہ تمام کیا۔

سابق عالمی نمبر ایک نے 2014میں آخری بار یو ایس اوپن جیتا تھا۔البتہ وہ 6بار یوایس اوپنٹائٹل اپنے نام کرچکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 7،7 بار آسٹریلین اور ومبلڈن اور تین بار فرنچ اوپن ٹائٹلز بھی جیت چکی ہیں۔ سرینا ولیمز23 ویں بار ویمنز سنگلز گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔

امریکی کھلاڑی، سابق آسٹریلوی کھلاڑی مارگریٹ کورٹ کا سب سے زیادہ 24 گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف ایک ٹائٹل کی دوری پر ہیں۔ اسٹارکھلاڑی نے2017 میں ریڈٹ ویب سائٹ کے شریک بانی ایلکس اوہانیان کے ساتھ شادی کی اور 2ستمبر 2017کو فلوریڈا کے ایک اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا تھا۔

انہوں نے شادی کے بعد 2018فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے کم بیک کیا لیکن وہ افتتاحی میچ کی ہی مہمان ثابت ہوئیں ۔ سرینا ولیمز نے گزشتہ برس یو ایس اوپن کے فائنل میں رسائی حاصل کی لیکن جاپان کی نو امی اوساکا کے ہاتھوں شکست کھا کر کیرئیر کا 24واں گرینڈ سلیم ٹائٹل نہیں جیت سکی۔

انہوں نے رواں سیزن کا آغاز آسٹریلین اوپن سے کیا لیکن ان کا سفر کوارٹر فائنل تک محدود رہاجہاں چیک ری پبلک کی کیرولینا پلسکووا نے امریکی کھلاڑی کوشکست سے دوچار کیا۔ وہ 2019 کے ومبلڈن اوپن کے فیصلہ کن معرکے میں سائمونا ہیلپ کو قابو کرنے میں ناکام رہیں، لیکن ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں ایک بار پھر ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میںکامیاب ہوگئیں۔


مکمل خبر پڑھیں