پاک سری لنکامیچز: رینجرز حکام کا نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ

September 13, 2019

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کراچی میں میچز کے دوران گراونڈ پر سیکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے سندھ رینجرز حکام نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا ۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کو شیڈول کے مطابق پچیس ستمبر کو کراچی پہنچنا ہے، مہمان ٹیم کراچی میں تین ون ڈے میچز کھیلے گی جبکہ لاہور میں تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

ایک جانب جہاں سری لنکن بورڈ پاکستان میں سیکیورٹی معاملات کا دوبارہ جائزہ لینے کا کہہ چکا ہے، تو دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ سیریز اور اس کی سیکیورٹی کی بھرپور انداز میں تیاریاں کررہا ہے۔

کراچی میں طے شدہ میچز کے موقع پر اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کیلئے رینجرز حکام نے جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کی انتظامیہ کی جانب سے سیکٹر کمانڈر بھٹائی رینجرز کرنل رفیق کو اسٹیڈیم کے اندر قائم سیکیورٹی کنٹرول روم اور عمارت کے مختلف پوائنٹس پر بریفنگ دی گئی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز ستائیس ستمبر سے تین اکتوبر کے درمیان کھیلے جائیں گے جس کے بعد ٹیم تین ٹی ٹوینٹی میچز کیلئے لاہور روانہ ہوجائے گی ۔