لاڑکانہ، میڈیکل کی طالبہ کی خود کشی قتل قرار

September 17, 2019

لاڑکانہ کے بی بی آصفہ ڈینٹل کالج کی فائنل ایئر کی طالبہ کےبھائی ڈاکٹروشال نے ڈاکٹر نمرتا کی خودکشی کو قتل قرار دے دیا۔

طالبہ کے بھائی ڈاکٹروشال کا میڈیاسےگفتگو کے دوران کہنا تھا کہ واقعہ ہراسگی نہیں بلکہ قتل ہے، نمرتا ساڑھے بارہ بجےکالج میں مٹھائی تقسیم کررہی تھی، ڈیڑھ گھنٹے میں ایسا کیا ہوگیا کہ اس نےخودکشی کرلی۔

ڈاکٹروشال نے اپنی بہن ڈاکٹرنمرتا کا پوسٹ مارٹم نجی اسپتال سےکرانےکامطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بدین میں لڑکی کی خودکشی، مبینہ بلیک میلر گرفتار

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق نمرتا بی ڈی ایس فائنل ایئرکی طالبہ تھی ، اور اُس نے مبینہ طور پر ہاسٹل نمبر 3 میں اپنےکمرے کے پنکھے سے لٹک کرخودکشی کی تھی۔

یونیورسٹی وائس چانسلر انیلا عطاءالرحمٰن نے نمرتا کی گردن پر پائے جانے والے نشان کوخود کشی قرار دیتےہوئے کہا کہ وجوہات جاننےکے لیے پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: لاڑکانہ میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد86 ہوگئی

صوبائی وزیرنثارکھوڑو نےنوٹس لیتےہوئےتحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ پولیس نےطالبہ کے کمرے کو سیل کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔

دوسری جانب نمرتا کی لاش میرپور ماتھیلو منتقل کر دی گئی ہے، نمرتا کی آخری رسومات میرپورماتھیلو میں ادا کی جائیں گی۔