زرداری سے وکیل کی ملاقات کی درخواست مسترد

September 23, 2019

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے وکیل کی ملاقات کی درخواست کی سماعت کی۔

عدالت میں فاروق نائیک کے معاون وکیل چوہدری ریاض نے درخواست میں کہا کہ پیر کو آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک مصروف ہیں، اس لیے کسی دوسرے دن آصف زرداری سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

جج محمد بشیر نے دررخواست پر ریمارکس دیے کہ اس دن آپ نے دیکھا حسین لوائی کے وکیل صاحب میرے ساتھ کتنی بدتمیزی کررہے تھے، جتنی رعایت کرو سب اتنا سر پر چڑھتے ہیں۔

اس پر معاون وکیل چوہدری ریاض نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کس وکیل نے آپ کے ساتھ بدتمیزی کی ہے۔

جج محمد بشیر نے حکم دیا کہ جس دن ملاقات کا وقت مقرر ہے تب ہی ملاقات کریں، زیادہ مسئلہ ہے تو جائیں اوپر سے اجازت لے لیں۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ہیں۔