چھوٹے آنگن میں ، باغیچےکا منظر

October 09, 2019

افراتفری اور بے پناہ مصروفیت کے اس دور میں پارکوں میں جانے کے لئے وقت نکالنا کافی مشکل ہو گیا ہے ۔بڑے شہروں میں پارکوں کی جگہوں پرکئی منزلوں کے رہائشی فلیٹوں کی تعمیر دیکھ کر ہرے بھرے پارک خواب وخیال کی باتیں معلوم ہوتی ہیں۔

مگر ایک صحت مند زندگی کے لیے چہل قدمی بہت ضروری ہے۔ہر یالی ہمارے ہزاروں جذباتی مسائل کا حل ہے۔تازہ ہوا اچھی صحت کے لیےبے حد اہم ہے ۔ ہمارے لیےآکسیجن کتنی ضروری ہے۔اس لیے ہمیں چاہیے کہ اپنے گھروںمیں چھوٹا سا باغیچہ ضرور بنائیں ۔

عمودی باغیچہ (vertical garden )

اگر آپ کے فلیٹ یا گھر میں جگہ کم ہوتو عمودی سطح کا چھوٹا سا باغیچہ بنایا جا سکتا ہے ۔چھوٹے چھوٹے گملوں میں پسندیدہ پھول لگائیں۔کسی بھی پودے کا انتخاب کرنے سے پہلے اس کا سائز ذہن میں رکھیں۔دیواروں پر سجانے کے لئے مختلف پودے استعمال کئے جا سکتے ہیں اور دیوار کے ساتھ لکڑی کی بینچ اور چند آرائشی اشیاء مثلاً مٹی کے لیمپ ،مجسمے میں آبشار وغیرہ لگائی جا سکتی ہے۔لمبی سبز خوردنی پھلیوں اور لمبے ڈنڈوں کی مدد سے پھولوں کی بیلوں کو اوپر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

مناسب دیکھ بھال سے یہ مختصر سے رقبے کا باغیچہ بہت خوب صورت نظر آئےگا ۔اس کے علاوہ گھر کا ایک کوئی گوشہ مخصوص کرکے ایک ٹرے میں مختلف پودے لگائے جاسکتے ہیں اس ٹرے کو فرش اور لکڑی کے ڈیک کے ساتھ سجایا جاسکتا ہے۔لکڑی کی ایک بینچ یہاں رکھ کر شام کی چائے کا لطف لیا جا سکتا ہے۔

جڑی بوٹیوں مثلاً پودینا ،روز میری ،نیاز بو اور باسل جیسے پودوں کا استعمال گھر کے داخلی حصے اور راہداری کے لئے بہترین ہے۔ان جگہوں پر ایسے پودوں کا انتخاب گھر کو ہرابھرا اور کشادہ ہی نہیں بلکہ باذوق مکینوں کی رہائش گا ہ بھی ظاہر کرتا ہے ۔یہ جڑی بوٹیاں حشرات الارض سے بھی محفوظ رکھتی ہیں ۔غذائی صورت میں بھی ان کا استعمال کیا جاتاہے۔

ٹرالیوں میں کیاریاں

مارکیٹ میں ایسی مخصوص ٹرالیاں موجود ہیں جو دو سے تین خانوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔اوپر والے خانے میں پودے دوسرے میں باغبانی کا سامان رکھا جا تا ہے۔ان ٹرالیوں کے ذریعے لان کو خوبصورت تاثر ملتا ہے اور باغبانی کاذوق بھی بیدار ہوتاہے۔

پھلوں کی خالی پیٹی کوکارآمد بنائیں

جب آپ موسمی پھلوں کی پیٹی خالی کر لیتی ہیں تو اسے فالتو سمجھ کر کوڑے دان میں ڈال دیتی ہیں اگر ان میں سانچے بنا کر گھریلو کا شتکاری کی جائے ۔لیموں ،مرچیں ،ہرادھنیا،پودینا یا ٹماٹر لگا لیے جائیں تو یقینا کچن کا بجٹ متاثر ہونے سے بچے گا بے شک یہ باغبانی طویل دورانیے کا ایک سلسلہ ہے، مگر یہ انتہائی مفید تھراپی ہے۔

خاص کر جن دنوں میں کوئی سبزی نایاب ہو جائے،مہنگے داموں دستیاب ہو یا اچانک کوئی چیز تیار کرنی ہو اور آپ بازار نہ جا سکتی ہوں تو یہی گھریلو کا شتکاری منٹوں میں مسئلہ حل کر دے گی۔آپ کا گھر بھی ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہے گا۔

آپ کو تازہ ہوا کی تلاش میں کئی سومیل دور چل کر کسی پارک بھی نہیں جانا پڑے گا۔تو انتظار کس بات کا ہے جلد ازجلد گھر میں باغبانی کی شروعات کریں ۔