سرفراز مخالف پوسٹ، شعیب اختر پی سی بی پر پھٹ پڑے

October 19, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سرفراز احمد سے متعلق ویڈیو پوسٹ کیے جانے پر بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شعیب اختر نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد جاری ہونے والی ویڈیو کو ایک بہت بڑی غلطی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا ہی بات ہوتی اگر پی سی بی کو یہ معلوم ہوتا کہ کب کیا کرنا ہے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل پی سی بی کی جانب سے سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔

پی سی بی نے کرکٹ کے اس طویل فارمیٹ کی کپتانی تجربہ کار اظہر علی کو سونپ دی جو دورہ آسٹریلیا کے دوران سیریز میں ٹیم کی قیادت کرتے بھی دکھائی دیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ نوجوان بلے باز بابر اعظم مختصر دورانیے کی کرکٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شائع ہوئی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ کھلاڑی کسی بات پر جشن منارہے ہیں جبکہ ایک ٹیم آفیشل سرفراز احمد کو کہیں جانے کا اشارہ کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر یہ ویڈیو شائع ہوتے ہی شائقین نے بھی پی سی بی تنقید کا نشانہ بنانا شروع کیا جبکہ ان کا ماننا تھا کہ پی سی بی سرفراز کو ہٹائے جانے کا جشن منارہا ہے۔

مداحوں کی شدید غم و غصے کے بعد پی سی بی نے اپنے اکاؤنٹ سے اس ویڈیو کو حذف کردیا تھا جبکہ معذرت بھی کی تھی۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ ان کی اس پوسٹ کا وقت شیڈول تھا، تاہم اگر اس سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو ادارہ معذرت خواہاں ہیں۔

دوسری جانب شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ سب سے زیادہ فالو کیا جاتا ہے اور وہ اس طرح کی غلطیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

شعیب اختر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس وقت کپتان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ٹھیک اسی وقت ویڈیو شائع کرنا بہت بڑی غلطی تھی۔

دوسری جانب یوٹیوب پر ایک ویڈیو پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ سرفراز احمد کو ان ہی کی غلطی کی وجہ سے کپتانی سے ہٹایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سرفراز احمد کو یہ سمجھاتے رہے کہ اگر وہ اپنی بیٹنگ ٹھیک نہیں کریں گے تو وہ نہ صرف کپتانی بلکہ ٹیم میں سلیکشن سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

شعیب اختر نے کہا کہ میری رائے ہے کہ سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے نہیں ہٹانا چاہیے تھا۔

اسپیڈ اسٹار نے انکشاف کیا کہ سلمان بٹ اور شرجیل خان کو بھی دوبارہ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔