• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سرفراز کی برطرفی: کھلاڑیوں کے جشن کی حقیقت کیا ہے؟

سرفراز کی برطرفی: کھلاڑیوں نے جشن منایا 


قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کھلاڑیوں کے جشن منانے کی ویڈیو پوسٹ کردی، جسے کچھ دیر بعد ڈیلیٹ کردیا گیا۔

اسے اتفاق کہا جائے، مذاق یا پھر ٹائمنگ کادرست استعمال، آپ کچھ بھی سمجھیں مگر پی سی بی کے آفیشل اکاؤنٹ پر جب ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تو شائقین کرکٹ نے خوب غم وغصے کا اظہار کیا۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ٹیم کے کھلاڑی خوشیاں منارہے ہیں اور ایک ٹیم آفیشل سرفراز احمد کو باہر جانے کا اشارہ کررہا ہے۔

ویڈیو پر شائقین کرکٹ نے تبصرہ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سرفراز احمد کو ہٹانے کا جشن منارہا ہے۔

سرفراز احمد کے مداحوں کی طرف سے غم و غصے کا اظہار کرنے کے بعد پی سی بی نے اپنے اکاؤنٹ سے وہ ویڈیو ڈیلیٹ کردی اور معذرت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیے: سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا

پی سی بی نے کہا کہ ٹی20 ورلڈ کپ ایک سال بعد شروع ہونا ہے، اس سے متعلق پوسٹ پہلے سے طے شدہ تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ویڈیو کو ہٹانے کے بعد معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو شیئرنگ کا وقت پہلے سے طے تھا، یہ اتفاقیہ ہوا، دل آزاری پر افسوس ہے لیکن ایسا جان بوجھ کر نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی کپتانی سے ہٹادیا ہے۔

دورہ آسٹریلیا کے لئے اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا ہے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کے سپرد کر دی گئی ہے۔

سرفراز احمد کو دونوں فارمیٹ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹایا گیا۔

اس سے قبل سرفراز احمد نے آج صبح پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو سے ملاقات کی جس میں وسیم خان نے سرفراز احمد کو دستبردار ہونے کے لیے کہا تھا۔

 سرفراز احمد نے ملاقات  کے دوران وسیم خان کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ انہیں ڈراپ کر دیا جائے، وہ دستبردار نہیں ہوں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین