فیڈمک ویونگ سٹی منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

November 09, 2019

فیصل آباد(نمائندہ جنگ) وزارت ٹیکسٹائل منسٹری نے فیڈمک کی طرف سے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں ”ویونگ سٹی“قائم کرنے کے منصوبے کو ”ہائی پیرورٹی پراجیکٹ“ قرار دیتے ہوئے اس پر جلد از جلدپیشرفت کی ہدایت کی ہے۔چیئرمین فیڈمک میاں کا شف اشفاق کے مطابق ابتدائی طور پر 100ایکڑ اراضی پر ”آر سی سی“ شیڈ تعمیرات کئے جائیں گے۔ یہ شیڈ شہر میں موجود پاور لومز کو یہاں منتقل کرنے والوں کو کرائے پر فراہم کئے جائیں گے۔ اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں موجود سائزنگ یونٹس کو بھی یہاں منتقل کیا جائے گا۔ سکل ڈویلپمنٹ سنٹر اور کمیونٹی سنٹر بھی تعمیرکیا جائے گا۔ چیئرمین فیڈمک کے مطابق تیار شدہ شیڈز کی فراہمی سے یہاں منتقل ہونے والے یونٹس کو تعمیر پر آنے والے اخراجات اور وقت کی بچت ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہاں منتقل ہونے والے یونٹس کو یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر فیڈمک کی ذمہ داری ہو گی۔علاوہ ازیں یہاں ماحولیات کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔