گورنر پنجاب کے صحت کے حوالے سے اقدامات قابل تعریف ہیں، ڈیرک بیل

November 10, 2019

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) رائل کالج آف فزیشن ایڈنبرا کے صدر ڈیرک بیل نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور ان کی بیگم پروین سرور کے پاکستان میں صحت کے شعبوں میں کئے گئے اقدامات کی زبردست تعریف کی ہے۔ ڈیرل بیل حال ہی پاکستان کے دورے سے واپس آئے ہیں، انہوں نے لاہور کے گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب اور ان کی بیگم سے ملاقات کی، اس موقع پر رائل برطانیہ کے انٹر نیشنل ڈائریکٹر پروفیسر عامر غفور خان بھی ان کے ہمراہ تھے، پروفیسر ڈیرک بیل نے اسکاٹ لینڈ واپس پہنچنے پر دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمد سرور پاکستان میں عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے سلسلہ میں بہت تندہی سے کام کررہے ہیں، جبکہ ان کی بیگم پروین سرور خواتین میں بریسٹ کینسر کو روکنے اور آگاہی پیدا کرنے کے لئے پوری طرح سرگرم عمل ہیں۔ پروفیسر ڈیرک بیل نے بتایا کہ گورنر پنجاب کے ساتھ اسکاٹ لینڈ اور پاکستان خصوصاً رائل کالج آف فزیشن کے ساتھ تعلقات مزید بہتر بنانے پر بات چیت ہوئی، انہوں نے بتایا کہ کالج کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور ہم اب پاکستانی طلبہ کے لئے ایک نئی سہولت مہیا کررہے ہیں، ڈاکٹروں کو ایم آر سی پی کے امتحان کے لئے اب اسکاٹ لینڈ نہیں آنا پڑے گا، بلکہ ان کے لئے راولپنڈی میں سینٹر بنایا جارہا ہے جو2021ء میں اپنا کام شروع کرکے وہیں پر ہی امتحانات لینے شروع کردے گا، اس سلسلہ میں ہم نے وہی پر تجرباتی بنیادوں پر کام کیا جو کامیاب رہا، ہم پاکستانی ڈاکٹروں میں برطانیہ میں بھی مزید سہولتیں مہیا کررہے ہیں، ان تمام معاملات پر گورنر پنجاب سے بات ہوئی، انہوں نے ہمیں گورنر ہائوس لاہور کے سوونیئر بھی دیے۔