ڈارک ویب سرغنہ کے ہاتھوں اغواء ہونیوالا12سالہ بچہ بازیاب

November 16, 2019

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار )انٹرنیشنل ڈارک ویب کے گرفتار سرغنہ کے ہاتھوں اغواء ہونے والا12سالہ انڈے بیچنے والا بچہ روات پولیس نے بر آمد کر لیا،ملزم نے بچے کو آئس پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔2ماہ تک اپنے پاس رکھا،بعد ازاں اپنے ساتھی ملزم خرم کالا کے پاس بھیج دیا،ملزم کالا نے بھی بچے سے منہ کالا کیا،پولیس نے خرم کالا کو بھی گرفتار کر لیا۔انٹرنیشنل ڈارک ویب کاسرغنہ ہیروئن سمیت منشیات فروخت کرنے اور زیادتی کے لئے بچوں کو سپلائی کرنے کے دھندے میں بھی ملوث نکلا۔ملزم جس گاڑی میں بچوں کو زیادتی کے لئے سپلائی کرتا تھا پولیس نے وہ گاڑی بھی بر آمد کر لی۔ مغوی بچے نے سہیل ایاز عرف علی کی بداخلاقیوں کے حوالے سے متعدد انکشافات کئے۔سی پی اوفیصل رانا نے کہا کہ انٹرنیشنل ڈارک ویب کے سرغنہ کی گرفتاری راولپنڈی پولیس کی کامیابی ہے۔ہمیں بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے ایک ایک ملز م کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق عدالت سے سزا دلوانا ہے۔