لیبیا میں بسکٹ فیکٹری پر فضائی حملے میں غیرملکیوں سمیت 10 افراد ہلاک

November 20, 2019

طرابلس(جنگ نیوز)لیبیا کے دارالحکومت میں بسکٹ بنانے والی ایک فیکٹری پر فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں وادی الربیع میں ایک فیکٹری پر فضائی حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 5 غیر ملکی شہریوں سمیت 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جب کہ 3 زخمیوں کے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دینے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے جب کہ 31 افراد اب بھی زیر علاج ہیں۔وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے 5 غیر ملکیوں کا تعلق بنگلادیش اور افریقہ کے ریگستانی علاقے صحارا سے ہے جب کہ دیگر 5 لیبیا کے شہری ہیں۔ زخمیوں میں سے 7 کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔