وزیرِ اعظم فروغ نسیم پر برس پڑے

November 26, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


وزیرِ اعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ قانون فروغ نسیم پر برس پڑے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیرِ اعظم آفس میں جاری ہے۔

دورانِ اجلاس وزیرِ اعظم عمران خان وزیرِ قانون فروغ نسیم پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع سے متعلق تمام لوازمات پورے کیوں نہیں کیے گئے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیرِ اعظم کی سربراہی میں ملکی سیاسی اور سیکیورٹی صورتِ حال کا جائزہ لے رہی ہے۔

کابینہ اجلاس کے 16 نکاتی ایجنڈے کے مطابق کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے:مشرف کیخلاف فیصلہ روکنے کی درخواست، حکومت کو نوٹس

اجلاس میں چیئرمین آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے تقرر کی منظوری بھی دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ خیبر پختون خوا، فاٹا اور پاٹا سے متعلق مالی امور کے حوالے سے فیصلے کرے گی۔

کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد ہیلتھ کئیر فیسیلیٹیز مینجمنٹ ایکٹ 2019ء کی منظوری دی جائے گی، نیز 3 سال کی حج پالیسی کی تیاری میں درپیش مشکلات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: کابینہ آج 16 نکاتی ایجنڈ ے پر غور کرے گی

واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں 3 سال کی توسیع کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع سے متعلق درخواست کو ازخود نوٹس میں تبدیل کر دیا۔

یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں وزیرِ اعظم عمران خان نے 3 سال کی توسیع کی تھی جس کا نوٹیفکیشن رواں برس 19 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔