کراچی میں ہوائی فائرنگ، 2 ملزم حیدر آباد سے گرفتار

December 04, 2019

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں 3 روز قبل گاڑی سے ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں افراد کو حیدر آباد سے گرفتار کیا گیا ہے، دونوں کی گرفتاری ویڈیو کی مدد سے عمل میں آئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ کے وقت استعمال کی گئی گاڑی حیدرآباد کے ایک شہری کے نام پر ہے، گرفتار ملزمان کو کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو کراچی میں سندھ کلچرل ڈے کے موقع پر ڈیفنس میں بڑی اور قیمتی گاڑیوں کی ایک ریلی کے شرکاء کی پولیس سے غنڈہ گردی، ہوائی فائرنگ اور لاقانونیت کی ویڈیو گزشتہ روز سامنے آئی تھی۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

یہ بھی دیکھئے :کراچی: ریلی کے شرکاء کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو وائرل

اسی ریلی میں شریک دوسری گاڑی کے شرکاء کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کی مدد سے پولیس ملزمان تک پہنچی ہے۔

آدھے منٹ کی اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیفنس فیز 6 میں کلچرل ڈے کی نعرے بازی کرتے ہوئے نوجوانوں کو پولیس ناکے پر اہلکار روکنے کی کوشش کرتے ہیں تو بڑی امپورٹڈ گاڑی میں سوار لڑکے سرِعام نعرے بازی کرتے ہیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں لڑکوں کو نعرے بازی کے دوران پولیس اہلکاروں کو فحش گالیاں دیتے دیکھا جاسکتا ہے، یہی نہیں اس بڑی گاڑی میں سوار نوجوان غنڈہ گردی کے ساتھ ساتھ شدید ہوائی فائرنگ بھی کر رہے ہیں۔

سرِعام فائرنگ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس افسر چیکنگ چھوڑ کر جان بچا کر بھاگتا نظر آتا ہے، ویڈیو میں ٹنڈا گاڑی کا نمبر KS-9183 بھی واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔