• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ریسٹورنٹ مالکان پر تشدد اور ہوائی فائرنگ


کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے ایک ریسٹورنٹ میں فیملی ایریا میں بیٹھنے سے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں نے ہنگامہ آرائی اور ریسٹورنٹ مالکان و ملازمین پر تشدد کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔ گلستان جوہر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو شناخت کرکے مقدمہ درج کرلیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

پولیس کے مطابق گلستان جوہر بلاک 1کے مبین پارک ویو میں واقع ’میرا سنگت ریسٹورنٹ ‘میں گزشتہ رات نصف درجن سے زائد نوجوان آئے اور فیملی ایریا میں بیٹھ گئے۔ ریسٹورنٹ کے مالک اسرار صدیقی کے مطابق ریسٹورنٹ کے ایک ویٹر نے نوجوانوں کو فیملی ایریا میں بیٹھنے سے منع کرتے ہوئے انہیں وہاں سے چلے جانے کا کہا تو وہ مشتعل ہوگئے۔


نوجوانوں نے ویٹر پر تشدد کیا اور مداخلت کرنے پر ریسٹورنٹ مالکان کو بھی نشانہ بنایا۔ اس دوران اُن کے مزید ایک درجن سے زائد ساتھی بھی آگئے جنہوں نے ریسٹورنٹ میں توڑ پھوڑ کی۔

ریسٹورنٹ مالک اسرار صدیقی کے مطابق فرار ہونے والوں میں ایک ملزم جس نے سرخ رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی فائرنگ شروع کردی اور ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو حمزہ عادل، رضوان عرف بکسر، حمزہ کے چار بھائیوں، دانش قریشی، ایم ڈی اے کے ملازم وقارعرف ڈکٹیٹر کو واضح طور پر شناخت کیا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف گلستان جوہر تھانے میں ریسٹورنٹ مالک کے اسرار صدیقی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تازہ ترین