ناروے میں مرزا ذوالفقار کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

December 08, 2019

اوسلو( پ ر) اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے سابق صدر مرزا ذوالفقار جو گذشتہ ماہ خالق حقیقی سے جاملے تھے، کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کے قریبی دوست احباب اور اوسلو شہر کی معروف مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان تھے جب کہ تقریب کی صدارت مرزا محمد ثقلین نے کی۔ اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر خالد اسحاق اور جنرل سیکرٹری راشد علی اعوا ن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرزا ذوالفقار کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ مرزا ذوالفقار مرحوم سوسائٹی کے بانی اراکین میں سے تھے۔ جنہوں نے سوسائٹی کی بنیاد رکھی اور تا مرگ دم وہ سوسائٹی کے لیے خدمات سر انجام دیتے رہے۔ سفیر پاکستا ن ظہیر پرویز خان نے خطاب کرتے ہوئے مرزا ذوالفقار کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مرزا ذوالفقار امن پسند اور پُرخلوص شخصیت کے مالک تھے۔مرزا ذوالفقار کے دیرینہ دوست اصغر علی شاہد نے کہا کہ مرزا ذوالفقار کے ساتھ ان کے تعلقات بھائیوں جیسے تھے اور انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علی شہنواز خان نے کہا کہ مرزا ذوالفقار کی مسئلہ کشمیر کے حوالے بے مثال خدمات ہیں جن کا احاطہ کرنا ناممکن ہے۔ تقریب سے مفتی محمد زبیر تبسم،راجہ فدا حسین، محمد انور صوفی ، عامر شیخ، ڈاکٹر ندیم حسین اور محمد ریاض بٹ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں اوسلو کی ممتاز شخصیات کو سماجی خدمات سرانجام دینے پر میڈلز سےدیئے گئے۔