عمران خان کو دن رات شریف خاندان کا خیال ستاتا ہے: مریم اورنگزیب ‎

December 08, 2019

پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو دن رات صرف نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور مسلم لیگ نون کا خیال ستاتا رہتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں نون لیگی ترجمان نے ایک بار پھر وزیرِ اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ‎سرکاری خرچ پر نیب اور پی آئی ڈی کو صرف نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، شریف خاندان اور مسلم لیگ نون کےخلاف سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎سیلیکٹڈ وزیرِ اعظم اور ان کے 2 درجن ترجمانوں کا مسئلہ مہنگائی، معیشت کی بد حالی، عوام کا کاروبار اور روزگار نہیں، ‎نالائق اور نااہل حکومت کی پریشانی 22 کروڑ عوام نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پر آج تک ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‎مریم نواز کیوں اپنے والد کی تیماردای کرنے نہ جائیں؟ مریم نواز پر آج تک ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیئے: ’’وزیر اعظم اور چالیس چور مایوسی کا شکار ہیں‘‘

ترجمان نون لیگ نے یہ بھی کہا کہ ‎پارلیمان اور پی ٹی وی پر حملہ و مالم جبہ کیس میں عمران صاحب کا نام جبکہ ‎فارن فنڈنگ اور بی آر ٹی کھڈے کیس میں پوری پی ٹی آئی کا نام ای سی ایل میں شامل ہونا چاہیے۔