مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب وزیرِ اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ عمران خان وہ گرہیں جو آپ ہاتھوں سے لگا رہے ہیں وہ آپ کو دانتوں سے کھولنی پڑیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پروڈکشن آرڈر کے باوجود گرفتار افراد کو اسمبلی میں پیش نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جب تک سب کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوں گے میں اسمبلی میں نہیں آؤں گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر پر اسپیکر کے دستخط ہونے کے باوجود انہیں اسمبلی میں پیش نہیں کیا جا رہا۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران صاحب آپ کرکٹ کی بات کرتے ہیں، لیکن آپ نے تو دوسری ٹیم کو جیل میں ڈالا ہوا ہے، خان صاحب پارلیمنٹ کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عدالتیں میڈیا کے لیے بند کر دی گئی ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں مقابلہ کرنا آتا ہے، لیکن مقابلہ تو دوسرے کے ساتھ کھڑے ہو کر ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: مریم اورنگزیب کا عمران خان کی تقریر پر ردِ عمل
ترجمان مسلم لیگ نون نے یہ بھی کہا کہ افسران کو نون لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔