کراچی یونائیٹڈ کی قومی خواتین فٹ بال میں شاندار کارکردگی

December 10, 2019

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والی قومی خواتین فٹ بال چیمپئن شپ میں مختلف ٹیموں کی معرکہ آرائی جاری ہے۔ کراچی یونائیٹڈ، دیا اور کراچی ککرز نے چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل رائونڈ جنوری کے پہلے ہفتہ میں کراچی میں کھیلا جائے گا۔ چمپئن شپ کوالیفائنگ رائؤنڈ کا افتتاحی میچ کراچی یونائیٹڈ اور محسن گیلانی ایف سی کے درمیان کھیلا گیا۔

ایونٹ میں 11ٹیموں کو 3گروپ میں تقسیم کیا گیا۔ گروپ ’ون‘ میں جافا اکیڈمی، کراچی ویمن، نسیم حمید ایف سی، گروپ ’2‘ میں دیا وومین ایف سی، بلوچستان وومین، فٹبال اسکول آف ایکسی لینس جبکہ گروپ’3‘ میں سڈی ایس ایس، محسن گیلانی، کراچی ککرز، کراچی یونائیٹڈ اور سندھ فٹبال ٹیم شامل ہیں۔

گروپ ’ون‘ اور گروپ ’2‘ کے تمام میچز کے ایم سی اسٹیڈیم جبکہ گروپ ’3‘ کے میچز کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم پر کھیلے گئے۔ ایونٹ کا کوآرڈی نیٹر معروف اسپورٹس آرگنائزر ریاض احمد کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ کوارڈنیشن کمیٹی کے ممبران میں جمیل ہوت، احمد جان اورحمید اللہ خان شامل ہیں جو کے ایم سی اسٹیڈیم پر جبکہ طالب حسین اور ذاکرخان کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ کے ایم سی اسٹیڈیم پر اللہ بخش میچ کمشنر اور استاد لطیف بلوچ ریفریز ایسیسرز جبکہ کراچی یونائیٹڈ پر عبدالکریم میچ کمشنر اور ریفریز ایسیسرز جاوید بنگش اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ایونٹ کیلئے ٹیکنکل کمیٹی نثار اسرار، نظام اختر، سید خورشید علی شاہ، ماسٹر غلام رسول اور سلیم عارف پر مشتمل ہے۔

کراچی یونائیٹڈ اور کراچی ککرز کے درمیان میچ کے موقع پر قومی مینز اور ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ طارق لطفی مہمان خصوصی تھے۔ کھلاڑیوں سے تعارف کے دوران ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں خواتین کھلاڑیوں میں بھی بہت ٹیلنٹ موجود ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے یہاں اس ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے کیلئے کوئی واضح طریقہ کار نہیں ہے۔ مہینوں میں ایک ایونٹ ہوتا ہے جو کھلاڑی سامنے آتے ہیں ان کو اگلے ایونٹ کا بہت عرصے تک انتظار کرنا پڑتا ہے حالانکہ دنیا بھر میں اور ہمارے پڑوسی ممالک میں بھی ایک کے بعد ایک ایونٹ میں کھلاڑیوں کو مصروف رکھا جاتا ہے۔

ہمارا فٹ بال اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں کھیلی جانے والی فٹ بال سے بہت پیچھے ہے۔ ہمارے وزیراعظم جو خود بھی اسپورٹس مین رہ چکے ہیں وہ کھیلوں کی اہمیت اور افادیت کو زیادہ بہتر طریقے سے جانتے ہیں انہیں ملک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ملک میں موجود باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے آئے اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے۔