آسٹریلیا نے کیویز کو بھی بلڈوز کردیا، 296رنزسے فتح

December 16, 2019

پرتھ (ایجنسیاں) آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں کیویز کو بھی بلڈوز کردیا ۔ پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ جیت کر ہوم سیزن کا کامیاب آغاز کرنے والے کینگروز کی ہوم گرائونڈ پر یہ سال کی تیسری مسلسل فتح ہے ، آسٹریلیا نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو296 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیکر3 میچوں کی سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم468 رنز ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں171 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ بی جے واٹلنگ40، کولن ڈی گرینڈ ہوم33 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ مچل سٹارک اور ناتھ لیوئن نے4 ،4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مچل اسٹارک کو میچ میں مجموعی طور پر9 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 9 وکٹوں پر217 رنز بناکر ڈکلیئر کردی اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے468رنز کا ہدف دیا تھا۔