عراق: بغداد کے شمالی میں فوجی اڈے پر راکٹ حملہ

January 04, 2020

عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع فوجی اڈے پر راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔ حملے میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2 راکٹ فوجی اڈے پر فائر کیے گئے ہیں۔ مذکورہ بیس بغداد کے شمال میں 50 کلومیٹر دور واقع ہے۔

مزید پڑھیے: امریکی شہریوں کو فوری عراق چھوڑنے کی ہدایت

اس فوجی بیس پر امریکی فوجی بھی تعینات ہیں اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں پانچ افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں تین عراقی فوجی شامل ہیں تاہم دیگر دو کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل امریکا نے ایرانی جنرل اور القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد ایران اور عراق میں القدس کے حامیوں کے مظاہرے جاری ہیں۔

دوسری جانب سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: حالیہ امریکا ایران کشیدگی کے اسباب

ایرانی فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل رمضان شریف نے کہا تھا کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر امریکا کی خوشی کو جلد سوگ میں تبدیل کر دیں گے۔

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے بھی واضح کیا تھا کہ ایران کسی بھی وقت اور کسی بھی انداز میں جواب دینے کا حق رکھتا ہے، امریکا نے بڑی غلطی کی۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کا مقصد ایران سے جنگ کا آغاز نہیں، جنگ کو روکنا ہے۔