پی ٹی آئی ،ریاض کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس ’اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹرکو آڑے ہاتھوں لیا‘

January 13, 2020

پاکستان تحریک انصاف سعودی عرب، اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹر (اوآئی سی) کے خلاف میدان میں آگئی ہے، ریاض میں او آئی سی اور سیکرٹری عبداللہ ریاڑ کی من مانیوں اور غلط فیصلوں کے خلاف پہلی پریس کانفرنس ہوئی، سعودی عرب کے باقی شہروں میں پریس کانفرنس بالترتیب کئے جانے کااعلان بھی کیاگیا ہے۔

پی ٹی آئی ریاض ایکزیکٹیو کمیٹی کے ارکان کی موجودگی میں عبدالقیوم خان خطاب کررہے ہیں

سعودی شہر ریاض میں سابق صدر سینٹرل ریجن عبدالقیوم خان کی سربراہی میں پریس کانفرنس منعقد کی گئ، جس میں او آئی سی اور عبداللہ ریاڑ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا، پریس کانفرنس میں سابقہ سنٹرل ریجن باڈی کے عہدیداران اور ریاض کے سابقہ ممبر کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی، عبدالقیوم خان نے کہا کہ دوسری پارٹیوں سے آنے والے اپنے مفادات کے لئے پارٹی کو استعمال کر رہے ہیں۔

جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ عبداللہ ریاڑ نے الیکشن کے نام پر سیلیکشن کرکے بیرون ملک پارٹی کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے، جس کی وجہ سے 92 فی صد کارکنان مایوسی کا شکار ہیں۔ عبدالقیوم خان نے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی سے مطالبہ کیا کہ وہ پارٹی کو نقصان سے بچانے کے لئے غلط طریقے سے بنی ہوئی باڈی کو فوری طور پر معطل کرکے نئ ممبرشپ کا اعلان کریں۔

انہوں نے عبداللہ ریاڑ سے استعفے کا مطالبہ کیا اور اوورسیز چیپٹر کو خبردار کیا کہ اگر ان کے تحفظات دور نہیں کئے گئے تو وہ پارٹی چئیرمین عمران خان سے او آئی سی کے خاتمے کا مطالبہ کریں گے اور موجودہ بے سود سسٹم کے مقابلے میں متبادل سسٹم متعارف کرائیںگے،جس کے نتیجے میں فری ممبرشپ کی جائے گی اور پارٹی کو مضبوط کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ نئے پاکستان کے لئے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

سابق الیکشن کمیشنر احمد رضا علوی ، الیکشن کمیشن کے ممبر ڈاکٹر سلمان شاہد ، جنرل سیکرٹری عبدالحکیم خان ، انفارمیشن سیکرٹری شفیع خان، اتمان خیل نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور او آئی کے کردار پہ نظرثانی کی اپیل کی۔