بھارت میں ایک خاتون نے نجومی کی باتوں پر یقین کر کے اپنی ماں کو جان سے مار دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع توماکورو میں پیش آیا ہے، متاثرہ خاتون کی شناخت 55 سالہ پشپاوتی کے طور پر ہوئی ہے اور ملزمہ ان کی اپنی بیٹی سچترا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سچترا بھی توماکورو میں ہی اپنے شوہر کے ساتھ رہتی ہے جس کے والد تقریباً 18 ماہ قبل چل بسے تھے، والد کی موت کے بعد وہ ایک نجومی کے پاس گئی جس نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا کہ اس کی والدہ نے کالا جادو کیا تھا، جس کی وجہ سے اس کے والد چل بسے۔
رپورٹ کے مطابق ان دعوؤں پر یقین کرتے ہوئے سچترا اپنی ماں کے گھر گئی اور جب اس کی والدہ سو رہی تھیں تو ان کے منہ پر تکیہ رکھ کر دبا دیا جس سے اس کی والدہ دم گھٹنے سے مر گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ والدہ کا قتل کرنے کے بعد سچترا نے اسے قدرتی موت ظاہر کرنے کا ڈرامہ رچایا اور لاش کو جلدی سے ٹھکانے لگانے کے لیے آخری رسومات کے انتظامات بھی شروع کر دیے لیکن گاؤں والوں نے مقتولہ کی لاش پر مشتبہ نشانات دیکھ کر شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور پولیس سے رابطہ کیا تو تفتیش کے دوران حقیقت سامنے آ گئی۔