جاپان کے ارب پتی شخص کو چاند پر جانے کے لیے شریک حیات کی ضرورت

January 15, 2020

جاپان کے ایک ارب پتی، یوساکو میزاوا ایک ایسی خاتون ’شریک حیات‘ کی تلاش میں ہیں جو چاند کے سفر میں ان کا ساتھ دے سکے۔

44 برس کے یوساکو میزاوا فیشن انڈسٹری کا بڑا نام ہیں اور وہ اسٹارشپ راکٹ پر چاند کے گرد سفر کرنے والے پہلے سویلین مسافر ہوں گے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

جاپانی ارب پتی کو چاند پر جانے کیلئے 'شریک حیات' کی تلاش

2023ءکے لیے بنایا گیا یہ مشن 1972ء کے بعد انسانوں کا پہلا قمری سفر ہو گا۔

اپنے آن لائن پیغام میں میزاوا نے کہا ہے کہ وہ یہ تجربہ ایک ’خاص خاتون‘ کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں۔

یوساکو میزاوا حال ہی میں اپنی 27 سالہ گرل فرینڈ ایامی گوریکی سے الگ ہوئے ہیں، اور انھوں نے اپنی ویب سائٹ پر خواتین سے کہا ہے کہ وہ رشتے کے لیے اسی ویب سائٹ پر درخواست داخل کریں۔

انھوں نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا: ’تنہائی اور خالی پن کا احساس جیسے جیسے مجھ پر طاری ہو رہا ہے، تو میں صرف ایک چیز کے بارے میں سوچتا رہتا ہوں اور وہ ہے’’میں ایک ’شریک حیات‘ تلاش کرنا چاہتا ہوں‘‘۔ میں اپنی جیون ساتھی کے ساتھ خلا سے اپنے پیار اور دنیا کے امن کی آواز بلند کرنا چاہتا ہوں۔

ویب سائٹ پر درخواست کے تین ماہ کے عمل کا شیڈول اور شرائط بھی دی گئی ہیں۔