پاکستان آئل ٹینکرز کی جانب سے بلوچستان بھر میں سپلائی روکنے کی دھمکی

January 17, 2020

کوئٹہ ( آئی این پی )آل پاکستان آئل ٹینکرزاونرز ایسوسی ایشن نے دھمکی دی ہے کہ اگر کسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے ٹینکرز مالکان اور ڈرائیورز کے ساتھ ناروا سلوک اور مبینہ طورپر سیل توڑ کر ٹینکروں سے تیل نکالنے کا سلسلہ فوری طورپر نہ روکا گیا تو ایسوسی ایشن صوبہ بھر میں غیر معینہ مدت تک تیل سپلائی بند کریگی۔ان خیالات کااظہار گزشتہ روز آل پاکستان آئل ٹینکراونرز ایسوسی ایشن کے حاجی داؤد کرد کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے دوران کیا گیا۔اجلاس میں ایسوسی ایشن کے نائب صدر ٹکری اسماعیل بنگلزئی ،حاجی عطاء محمد بنگلزئی ،حاجی مدد لہڑی ،میر لطیف محمد حسنی ،حاجی یاسین بنگلزئی ،محمد رحیم ،میر غلام حسین بنگلزئی ،نیک محمد رند،بسم اللہ کرد،شمس اللہ اچکزئی ،اسلم بنگلزئی ،ظہور بنگلزئی سمیت آل ٹینکرز مالکان ودیگر کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ایسوسی ایشن کے صدر حاجی داؤد کرد ودیگر کاکہناتھا کہ آج کے اس ہنگامی اجلاس کامقصد کسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے آئل ٹینکرز کے سیل توڑ کر تیل نکالنے ،مالکان اور ڈرائیورز کے ساتھ امتیازی سلوک سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا تھا،انہوں نے کہا کہ اگر کسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے ٹینکرز مالکان اور ڈرائیورز کو تنگ کرنے ،سیل توڑ کر تیل نکالنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو ایسوسی ایشن صوبہ بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے تیل کی سپلائی روک دے گی۔