قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں ہی ملک کی بقا ہے،جمعیت نظریاتی

January 18, 2020

کوئٹہ( آن لائن )جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستار چشتی نے کہاہے کہ اداروں کے درمیان ٹکرائواور مداخلت سے ملکی سلامتی کے لیے خطرات جنم لے سکتے ہیں جب ملکی ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کرتے ہیں تب ملک ترقی کرتا ہے ۔سب اداروں کا دائرہ کار آئین میں متعین کر دیا گیا ہے یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کرنے کی بجائے عدلیہ اورجمہوریت کوزیر کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ طاقت ان کے ہاتھ میں رہے۔انہوں نے کہاکہ آج ملک میں سب کا بلا تفریق احتساب ہوتا توملک میں بحرانوں کا شکار نہ ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ ریاست دھونس اور دھمکی سے نہیں چلتی بلکہ ایک آئین کے تحت ہر ایک کو اپنے اپنے دائر ے میں کام کرنا ہے۔جب آئین کو روندنے والوں کا مواخذہ ہونے لگا ہے تو پھر اس فیصلے کوتسلیم بھی کرناہوگا انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں ہی ملک کی سلامتی،بقا اور یکجہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کے لیے آواز بلند کی ہے عدلیہ پردبائو سے بے چینی ، اضطراب،غنڈہ گردی اورلاقانونیت بڑے گی۔