پشاور میں نان بائی ایسو سی ایشن کی ہڑتال، تندور بند، شہری پریشان

January 20, 2020

پشاور میں روٹی کی قیمت بڑھانے کے لیے نان بائی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کردی ہے جس کے بعد شہر بھر میں تندور بند پڑے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو صبح سویرے سے روٹی کے حصول کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خیبر پختونخوا نان بائی ایسوسی ایشن کی کال پر پشاور کے نان بائیوں نے ہڑتال کی۔ ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ روٹی کی قیمت میں اضافہ کیا جائے تاہم حکومت نے نان بائیوں کا مطالبہ مسترد کیا، جس پر نان بائیوں نے پشاور، ہزارہ ڈویژن، کوہاٹ اور ہنگو میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: نان بائیوں نے حکومت کی پیشکش مسترد کردی

تندورں کی بندش سے شہریوں کو روٹی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال نے جیو نیوز کو بتایا کہ حکومت کو یہ پیشکش کی ہے کہ 150 گرام کی روٹی 15 روپے میں فروخت کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم حکومت کا مطالبہ ہے کہ 170 گرام کی روٹی 15 روپے میں فروخت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سستے آٹے کی فراہمی پر یقین نہیں رکھتے اور نان بائی ایسوسی ایش مزید نقصان برداشت نہیں کر سکتی۔

صدر نان بائی ایسو سی ایشن نے کہا کہ اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو ہڑتال کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھا دیا جائے گا۔