• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوات میں سستی روٹی کیلئے لگایا جانیوالا تندور بند


سوات میں شہریوں کو سستی روٹی فراہم کرنے کے لیے لگایا جانے والا تندور کا پلانٹ بند ہو گیا۔

سوات کے علاقے کانجو میں 6 روپے میں ملنے والی سستی روٹی بند ہو گئی، جبکہ روٹی بنانے والی مشینری بھی بے کار ہو گئی۔

سستا تندور کے مالک کا کہنا ہے کہ اُس نے مہنگائی کے وجہ سے پلانٹ بند کردیا ہے، جو آٹا 8 سو روپے میں مل رہا تھا وہ اب 12 سو میں مل رہا ہے جبکہ گیس کی قیمت بھی 16سو سے 25 سو ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے مجبوراً پلانٹ بند کرنا پڑا ہے۔

9 ماہ قبل شیر مالک نے کانجو میں سستا تندور لگایا تھا، جہاں 120 گرام روٹی کی قیمت صرف 6 روپے تھی، رش بڑھ گیا تو روٹی تیار کرنے کا جدید پلانٹ بھی لگایا، تاہم کمر توڑ مہنگائی نے شیر مالک کو پلانٹ بند کرنے اور روٹی کی قیمت 6 روپے سے بڑھا کر 10 روپے کرنے پر مجبور کردیا۔

تندور کے مالک کا کہنا ہےکہ 9 ماہ قبل 6 روپے میں جو روٹی فروخت کی جارہی تھی، آج وہی روٹی 10روپے میں بیچ رہا ہوں، لیکن لوگ لینے سے قاصر ہیں، پہلے 15 ہزار روٹیاں بکتی تھی جبکہ آج 15 سو روٹیاں بیچ رہا ہوں۔

سستی روٹی کاپلانٹ بند ہو نے پر غریب شہری بھی پریشان ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ غریبوں کیلئے سہولت ختم ہو گئی، خیبر پختونخوا حکومت اور عمران خان سے مہنگائی ختم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کو دیوار کے ساتھ لگادیا ہے۔ پہلے 6 روپے میں روٹی ملتی تھی، اب 10روپےمیں روٹی ملتی ہے، جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

شہری کہتے ہیں کہ سبسڈی کے دعوے بھی غلط ثابت ہو رہے ہیں، سرکاری ریٹ پر آٹا بھی نہیں مل رہا۔

تازہ ترین