جامعہ کراچی کے مستقل وائس چانسلر کی تقرری، انٹرویو کیلئے 7 نام منتخب

January 22, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) 8ماہ کی تاخیر کے بعد بالاآخر جامعہ کراچی کے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کا عمل شروع کردیا گیا ہے منگل کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے 23 اُمیدواروں میں سے 7 اُمیدواروں کا انٹرویو کے مرحلے کےلئے انتخاب کرلیا گیا ہے۔ پروفیسر (ر) عبدالقدیر راجپوت کی زیرصدارت ہونے والی تلاش کمیٹی کے اجلاس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ 23 درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد 7 اُمیدواروں کو اگلے مرحلے یعنی انٹرویو کے لئے بلانے کا فیصلہ کیا گیا تلاش کمیٹی کے مستقل رکن ڈاکٹر قیصر کےقریبی زرائع نے جنگ کو بتایا کہ جن امیدواروں کو بلایا گیا ہے ۔ ان میں موجودہ قائم مقائم وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، جامعہ سندھ کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح برفت، ڈاکٹر جمیل کاظمی، ڈاکٹر عابد حسنین، ڈاکٹر احمد قادری، ڈاکٹر رخسار احمد اور ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوتو شامل ہیں انٹرویو آئندہ ہفتے ہوں گے۔دریں اثناءچیئرمین تلاش کمیٹی پروفیسر (ر) عبدالقدیر راجپوت کے انتہائی قریبی زرائع نے جنگ کو بتایا کہ شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی نواب شاہ کے لئے تین نام فائنل کر کے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیج دی گئی ہے سب سے زیادہ نمبر ڈاکٹر سرفراز حسین سولنگی دیئے گئے ہیں جن کی تعداد 85 ہے، ڈاکٹر امانت علی جلبانی کو 80 نمبر دیئے گئے ہیں اور پروفیسر نبی بخش جمانی کو 75 نمبر دیئے گئے ہیں اس طرح ڈاکٹر سرفراز حسین سولنگی کے شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر بننے کے امکانات یقینی ہوگئے ہیں۔ شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کا عہدہ ایک سال سے خالی پڑا تھا۔ واضح رہے کہ جب سے وائس چانسلر، چیئرمین تعلیمی بورڈز اور ناظمین امتحانات اور سیکرٹریز کا تقرر کا اختیار گورنر سے لے کر وزیراعلیٰ کے پاس آیا ہے نہ تو وائس چانسلرز کی تقرری وقت پر ہو پائی ہے اور نہ ہی ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کی تقرری وقت پر ہو پائی ہے اس صورتحال کی وجہ سے سندھ کا معیار تعلیم مسلسل زوال پذیر اور دُوسرے صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔ حیدرآباد کی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیئے اشتہار ہی نہیں دیا جارہا ہے ایک کالج پروفیسر قائم قام وائس چانسلر کے طور پر کام کررہا ہے اس طرح لیاری یونیورسٹی میں بھی ایک سال سے قائم مقام وائس چانسلر تعینات ہے گزشتہ سال ڈاکٹر اختر بلوچ کی دوسری مدت کے لیئے سمری مسترد کردی گئی تھی اسی طرح سکھر ویمن یونیورسٹی میں بھی وائس چانسلر کی اسامی کے لیئے اشتہار نہیں دیا جارہا ہے اور ایک غیر سرکاری ٖخاتون کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کر رکھا ہے۔