نئے فٹبالرز کی تلاش کیلئے نچلی سطح پر اقدامات کے خوشگوار نتائج

January 28, 2020

پاکستانی فٹ بال میں عالمی شہرت یافتہ غیرملکی فٹ بالرز کو شامل کرکے ہیجان پیدا کرنے والی لیژر لیگس سے ملک بھر میں فٹ بال کو فروغ دینے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانے والا ادارہ ورلڈ گروپ کھیل کے فروغ کیلئےحقیقی معنوں میں گراس روٹ ( نچلی سطح) پر کام کررہا ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے ملک بھر میں چھوٹے چھوٹے علاقوں اور اسکول کی سطح پر تجربہ کار اور ماہر کوچز کی زیرنگرانی بچوں کو ٹریننگ دلوانے کیلئے کام جاری ہے، کھلاڑیوں کی سب سے نچلی سطح یعنی اسکولز پر بھرپورکام ہورہا ہے۔

77 سے زائد شہروں میں فٹبال نچلی سطح پر فٹ بال کی ترقی کیلئے متحرک ہے، آخری سیزن میں 10ہزار کھلاڑیوں کو نمائندگی دی جارہی ہے۔ ورلڈ گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر منیر ٹرنک والا بھی اپنے بھائیوں کی طرح ملک بھر میں فٹ بال کے فروغ کیلئے اپنا کردار نبھا رہے ہیں۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان بھر کے اسکولوں میں نوجوان فٹ بالرز کی تلاش کیلئے مقابلوں کا انعقاد کررہے ہیں۔ جس کا مقصد طلباء میں فٹ بال کو فروغ دینا اور انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ہماری شراکت داری اس کی عکاس ہے۔

گزشتہ سالوں میں عالمی فٹ بال کے بڑے بڑے اسٹارز کو پاکستان بلا کر ان کے ساتھ ملکی کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کئے ۔ کھیل کو نچلی سطح پر ترقی کیلئے لیژر لیگس اور روٹس ملینیم ایجوکیشن کے درمیان کھیل کی ترقی کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ دونوں تنظیموں نے اب اپنے کیمپس میں فٹ بال کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سوکا فیڈریشن (آئی ایس ایف) ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے طلبا کو مساوی موقع فراہم کرنے میں باہمی تعاون کریں گے۔

تقریب میں منیر ٹرنک والا، ایجوکیشن کے سی ای او فیصل مشتاق اسحاق شاہ اور سبینہ ذاکر نے شرکت کی۔ فیصل مشتاق نےملک میں فٹ بال کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔