• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ آسٹریلیا کو ایشیز سیریز مہنگی پڑ گئی، لاکھوں ڈالرز کا نقصان

فوٹو بشکریہ کرک انفو
فوٹو بشکریہ کرک انفو

کرکٹ آسٹریلیا کو ایشیز سیریز مہنگی پڑ گئی، سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ جلدی ختم ہو جانے کی وجہ سے کرکٹ آسٹریلیا کو ایک بار پھر لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔

ایشیز سیریز میں دوسری بار کرکٹ آسٹریلیا کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے، ایم سی جی ٹیسٹ دوسرے روز ہی انگلینڈ کی جیت کے ساتھ ختم ہوا۔

باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں اتوار کو تیسرے روز 90 ہزار شائقین کی آمد متوقع تھی جبکہ پرتھ ٹیسٹ دو دن میں ختم ہو جانے کی وجہ سے میزبان بورڈ کو 4 ملین ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

باکسنگ ڈے ٹیسٹ دو دن میں ختم ہو جانے پر پرتھ ٹیسٹ سے بھی زیادہ نقصان کا خدشہ ہے، کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ٹوڈگرین برگ بھی ٹیسٹ میچز جلدی ختم ہونے پر پریشان ہیں۔

ٹوڈ گرین برگ نے ٹیسٹ میچ کے پچز کی تیاری پر براہ راست اثرانداز ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختصر ٹیسٹ میچز بورڈ کے ریونیو کے لیے اچھے نہیں ہیں، سیریز کے اختتام پر ہم اس ایشو پر غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں وکٹ کی تیاری میں ہماری مداخلت نہ کرنے کی پالیسی رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایم سی جی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ نے 4 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔

ایم سی جی ٹیسٹ کے پہلے روز شائقین کا ریکارڈ قائم ہوا، 94 ہزار 199 افراد نے پہلے دن میچ دیکھا۔ ایم سی جی ٹیسٹ کے دوسرےروز 92 ہزار 45 افراد نے اسٹیڈیم میں میچ دیکھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید