وزیراعظم اپنے اخراجات میں ریکارڈ کمی لائے ہیں،فیصل جاوید

February 03, 2020

وزیراعظم اپنے اخراجات میں ریکارڈ کمی لائے ہیں،فیصل جاوید

تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے اخراجات میں ریکارڈ کمی لے کر آئے ہیں۔

سینیٹ میں ارکان پارلیمان کی تنخواہوں میں اضافے کے بل پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی تنخواہ میں بھی اضافہ نہیں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملکی معیشت ٹھیک نہ ہوجائے اور عام آدمی کے حالات بدل نہیں جاتے، یہ معاملہ ہولڈ پر رکھیں۔

پی ٹی آئی سینیٹر نےمزید کہا کہ فی الحال ارکان پارلیمان اسی تنخواہ پر گزار کریں جو مل رہی ہے۔

گزشتہ دنوں یہ خبر آئی تھی کہ ارکان پارلیمنٹ، چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہ میں اضافے کے بلز تیار کیے گئے ہیں۔

بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہ 2 لاکھ 25 ہزار سے بڑھاکر 8 لاکھ 79 ہزار روپے کی جائے۔

اسی طرح ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 85 ہزار سے بڑھا کر 8 لاکھ 29 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بل میں دی گئی تجاویز کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ روپے کی جائے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں مہنگائی سے متعلق اعتراف کیا اور کہا تھا کہ میرا خود اپنی تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتا ہے۔