• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے بلز تیار

چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے بلز تیار


ارکان پارلیمنٹ، چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے بلز تیار کرلیے گئے، جو پیر کو سینیٹ میں پیش کیے جائیں گے۔

چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور ممبران کی تنخواہوں، الاؤننسز اور مراعات ایکٹ میں ترمیم کے تین بلز سینیٹ ایجنڈا میں شامل کرلیے گئے جو پیر کو سینیٹ میں پیش کیے جائیں گے۔

یہ بلز سینیٹر نصیب اللّٰہ بازئی، سجاد حسین توری، دلاور خان، ڈاکٹر اشوک کمار اور دیگر سینیٹرز کی جانب سے جمع کروائے گئے ہیں۔

بل کے مقاصد میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر و  ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کو ملنے والی تنخواہ ان کے روزمرہ کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی نے عوام کے ساتھ ارکان پارلیمان، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کو بھی متاثر کیا ہے۔

بل کے متن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ کے مطابق مقرر کی جائے۔

بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہ 2 لاکھ 25 ہزار سے بڑھاکر 8 لاکھ 79 ہزار روپے کی جائے۔

اسی طرح ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 85 ہزار سے بڑھا کر 8 لاکھ 29 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بل میں دی گئی تجاویز کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ روپے کی جائے۔

بل میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ ممبران پارلیمنٹ کو 25 فرسٹ کلاس بزنس ایئر ٹکٹ فراہم کیے جائیں، ملک کے اندر سفر کے لیے ممبران پارلیمنٹ کی اہلیہ، شوہر یا بچے بھی ان ٹکٹس کو استعمال کرسکیں۔

بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ممبران پارلیمنٹ کو سفر کے لیے ٹرین کی ایئر کنڈیشنڈ کلاس ٹکٹ کے برابر رقم دی جائے جبکہ ارکان پارلیمان کو جہاز کے بزنس کلاس کے ٹکٹ کے مطابق سفر الاؤنس دیا جائے۔

بل میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ بذریعہ سڑک سفر کی صورت میں ممبران پارلیمنٹ کو 25 روپے فی کلو میٹر سفر الاؤنس دیا جائے۔

تازہ ترین