موسمِ حج و عمرہ، معتمرین کی سہولتوں کے لیےترقیاتی منصوبے جاری

February 17, 2020

رواں سال عمرہ سیزن میں 25 لاکھ سے زائد ویزے جاری کئے جاچکے ہیں، پاکستانی معتمرین کی تعداد اس بار بھی سرفہرست ہے۔دوسری جانب مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں میں 70 فی صد بکنگ مکمل ہو گئی ہے اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ، ریستوران اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں بھی کاروباری سرگرمیوں میں بڑے پیمانے پر تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ان دنوں سعودی عرب کے تمام علاقوں سے مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔ دنیا بھر سے بھی لاکھوں زائرین عمرے پر آرہے ہیں۔

ادھر سعودی ہائر حج کمیٹی کے سربراہ اور مملکت کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے باور کرایا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان حجاج کرام اور مسجد نبوی کے زائرین کی مکمل دیکھ بھال کے خواہاں ہیں اور اللہ کے مہمانوں کے امن و امان اور تحفظ کو یقینی اور مناسک کی ادائیگی کو آسان بنانے کے شدید خواہشمند ہیں۔اس سلسلے میں ہائر حج کمیٹی کا ایک اجلاس وزارت داخلہ کی عمارت میں وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز کے زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں مکہ مکرمہ کے گورنر اور خادم حرمین شریفین کے مشیر اور مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل اور مدینہ منورہ کے گورنر اور سعودی حج و عمرہ کمیٹی کے سربراہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سال 1441 ہجری کے حج سیزن کے انتظامی امور اور متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ان اقدامات کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو سہولیات اور تمام حج خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے متعدد سفارشات مرتب کیں۔ یہ سفارشات منظوری کے لیے خادم حرمین شریفین کو پیش کی جائیں گی۔

مسجدحرام میں فنی اور خدماتی امور کی عام انتظامیہ حرم شریف کے اندرونی حصوں، اس کے صحنوں اور بیرونی راہداریوں کو صاف اور جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے روزانہ 2155 لیٹر خوشبو اور صفائی کا مواد استعمال کی جارہا ہے۔ یہ عمل چوبیس گھنٹے جاری رہتا ہے اور اس کے لیے ایک مربوط ٹیم مختص ہے۔ مذکورہ ٹیم اپنی ذمے داریوں کو پوری تندہی کے ساتھ انجام دیتی ہے تا کہ بیت اللہ کی زیارت کرنے والے افراد مکمل اطمینان اور سکون کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔متعلقہ انتظامیہ کے سربراہ جابر ودعانی کے مطابق مسجد حرام اور اس سے متصل مقامات کو روزانہ تین مرتبہ دھویا جاتا ہے۔ اس عمل میں 1830 لیٹر ماحول دوست (جراثیم کش) مواد کا استعمال کیا جاتا ہے۔

اسی طرح مسجد حرام کے فرشوں، قالینوں اور ملحقہ بیرونی مقامات کو معطر رکھنے کے لیے 325 لیٹر خوشبو استعمال ہوتی ہے۔ نئی تبدیلی یہ آئی ہے کہ مسجد حرام میں مسعی (سعی کی جگہ) میں زائرین کی رہ نمائی کے لیے نئے سائن بورڈز کی تنصیب کا کام اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کی نگرانی میں پورا کیا جانے والا یہ کام حرمین شریفین میں رہ نمائی کے حوالے سے خدمات کے نظام کو بہتر بنانے کی کڑی ہے۔سعودی روزنامے کے مطابق حرمین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی پوری مسجد حرام میں مکانی رہ نمائی سے متعلق 514 سائن بورڈز کی تنصیب کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ دنوں کے دوران مسعی کے تمام حصوں میں یہ بورڈز نصب کر دیے جائیں گی۔

نئے سائن بورڈز کا مقصد اللہ کے مہمانوں کے اندر آنے اور باہر جانے کے لیے سمتوں کا تعین کرنا ہے تا کہ یہ لوگ راستہ نہ بھٹکنے پائیں اور منزل مقصود تک پہنچنے میں انہیں آسانی ہو۔ان سائن بورڈز کو مسجد حرام کے تعمیراتی ڈیزائن کی مطابقت سے مختلف شکلوں اور مختلف سائز میں تیار کیا گیا ہے۔ بورڈز میں رنگوں اور اشاروں کا مناسب استعمال کیا گیا ہے، تا کہ زائرین اور متعمرین کے لیے ان کا واضح ہونا یقینی بنایا جا سکے۔ یہ سائن بورڈز عربی اور انگریزی زبان میں ہیں۔مزید برآں مسجد حرام کی تیسری توسیع، مطاف اور بیت الخلاؤں کی جگہ پر رہ نمائی کے لیے نئے سائن بورڈز کی تنصیب پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد حرام کے زائرین کو متعدد تحائف پیش کیے ہیں، یہ کارروائی مذکورہ پریذیڈنسی کی خصوصی مہم (معتمرین کی خدمت ہمارا اعزاز) کے دوسرے سیزن کے ضمن میں عمل میں آئی۔ پریذیڈنسی کے اہل کاروں نے معتمرین کو ہلکے پھلکے بیگ فراہم کیے تا کہ اللہ کے مہمان اپنی ضروریات کی اشیاء ان میں رکھ سکیں۔سعودی عرب میں وزارت بلدیہ اور دیہی امور نے صارفین کو مشروبات اور پیک شدہ کھانوں کی فروخت کے بعد بقیہ رقم کی ادائیگی اور سروس کی عدم فراہمی کی صورت میں پوری رقم کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے استعمال ہونے والی خود کار مشینوں کو چلانے کی شرائط طے کی ہیں۔

وزارت دیہی امور کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ سیلف سروس آلات استعمال کرنے والے کاروباری حضرات صارفین کو مطلوبہ سہولت کے حوالے سے مکمل اطمینان فراہم کریں۔ مشینوں کے مالکان یا آپریٹرز اپنے نام ، مکمل ایڈریس اور مقام کے ساتھ تمام ضروری شناختی علامات واضح کریں۔حکومت نے مشین کے کارخانہ دار کے ذریعہ فراہم کردہ آپریٹنگ ہدایات پر عمل کرنے اور بطور آپریٹنگ صارفین کو مکمل رہ نمائی اور ہدایات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ صارفین کو ان مشینوں کے ذریعے انگریزی اور عربی زبانوں میں مکمل رہ نمائی فراہم کی جائے۔

مالک یا آپریٹر سے کسی بھی حالت میں مشینری کی مسلسل اور متواتر پیکینگ کو روکنے اور مشینوں کے لئے وقتاً فوقتاً مرمت،ان پر عمل درآمد کا عہد کرنے اور کام نہ کرنے کی صورت میں انہیں ہٹانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔مشین کے مالک کو پروڈکٹ کی حفاظت کو یقینی بنانے اور مرمت کی کارروائیوں کی وجہ سے خطرات کا سامنا نہ کرنے کی ضرورت کو بھی شامل کیا گیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ استعمال شدہ مشینیں بہت سی مشروبات کی تیاری میں اعلی صلاحیت کی حامل ہیں اور یہ مشروبات تقریبا 100 ڈگری سینٹی گریڈ پر تیار کیے گئے ہیں۔