ووہان کا اسپتال ڈائریکٹر ہلاک، بھارت نے چینی ریسلرز کو روک دیا

February 18, 2020

چینی صوبے ووہان کے اسپتال ڈائریکٹر بھی کورونا وائرس سے ہلاک ہو گئے، بھارت نے چینی ریسلرز کو نئی دہلی میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرنے سے روک دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے اب تک کم از کم 6 میڈیکل ورکرز ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ایک ہزار 716 میڈیکل ورکرز اس وائرس سے متاثر ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ چینی صوبے ووہان میں ماسک اور حفاظتی لباس کی قلت ہو گئی ہے۔

چین نے ماسک کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر 6 دنوں میں نئی ’ماسک فیکٹری‘ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیکٹری روزانہ ڈھائی لاکھ ماسک بنائے گی۔

یہ بھی پڑھیئے: چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 1863 ہوگئیں

ادھر بھارت نے چینی ریسلرز کو نئی دہلی میں ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرنے سے روک دیا۔

بھارتی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث چین کے باشندوں کے لیے ای ویزا سروس معطل کر رکھی ہے جس کے تحت چینی ریسلرز کو بھی روکا گیا ہے۔

دوسری جانب تائیوان، جاپان، ہانگ کانگ اور فلپائن میں بھی 4 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

جاپانی حکومت کا کہنا ہے کہ جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس، چینی کالونی میں جراثیم کش ٹنل نصب

جنوبی کوریا نے جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز سے اپنے باشندوں کو نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مذکورہ بحری جہاز میں 14 جنوبی کوریائی باشندے سوار ہیں، جبکہ امریکا 300 سے زائد اپنے شہریوں کو بحری جہاز سے نکال چکا ہے۔

جہاز میں سوار 256 کینیڈین باشندے آج چارٹر طیارے کے ذریعے کینیڈا روانہ ہوں گے۔

جنوبی کوریا کے علاوہ آسٹریلیا، ہانگ کانگ نے بھی بحری جہاز سے اپنے شہریوں کو نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: بل گیٹس نے کورونا کو بہت بڑا چیلنج قرار دے دیا

عالمی ادارۂ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق تمام ضروری اقدامات لینے پر زور دیا ہے اور کورونا وائرس کے خلاف اٹھائے گئے چینی اقدامات کو سراہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے پلازما تھراپی کو درست قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ چین بھر میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 98 افراد موت کے منہ میں پہنچ گئے ہیں، تازہ 98 افراد کی ہلاکتوں کے بعد چین میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 1 ہزار 868 ہو گئی۔

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد1863 ہوگئی

کورونا وائرس کے نتیجے میں چین میں مزید 1 ہزار 886 افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ کل متاثرہ افراد کی تعداد 72 ہزار 436 تک جا پہنچی ہے۔