• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین، کورونا سے مزید 98 ہلاک، پلازما تھراپی درست قرار

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد1863 ہوگئی


چین میں کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وائرس سے مزید 98 افراد موت کے منہ میں پہنچ گئے، عالمی ادارہ صحت نے پلازما تھراپی کو کورونا کے علاج کے لیے درست قرار دے دیا۔

تازہ 98 افراد کی ہلاکتوں کے بعد چین میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 1 ہزار 868 ہو گئی، وائرس کے نتیجے میں مزید 1 ہزار 886 افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ کل متاثرہ افراد کی تعداد 72 ہزار 436 تک جا پہنچی ہے۔

ادھر چین کے شہر شنگھائی میں کورونا وائرس کے 332 متاثرین رپورٹ ہو چکے ہیں، جہاں کے ڈاکٹر کورونا وائرس کےعلاج کے لیے پلازما تھراپی کا آزمائشی استعمال کر رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت نے پلازما تھراپی کو بہت درست قرار دیا ہے۔

شنگھائی پبلک ہیلتھ کلینک کے مطابق پلازما تھراپی کو جانچنے کے لیے اسپیشل کلینک بنائے گئے ہیں، جبکہ تھراپی کے لیے کورونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کو منتخب کیا جا رہا ہے جو طریقۂ کار کے لیے خون دینے پر رضا مند ہیں، پلازما تھراپی کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس، چینی کالونی میں جراثیم کش ٹنل نصب

عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس کے خلاف طریقۂ علاج کے سلسلے میں پلازما تھراپی ایک اہم دریافت ہے۔

ادھر چین نے ماسک کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر 6 دنوں میں نئی ’ماسک فیکٹری‘ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیکٹری روزانہ ڈھائی لاکھ ماسک بنائے گی۔

تائیوان، جاپان، ہانگ کانگ اور فلپائن میں بھی 4 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 454 ہو گئی ہے، لنگر انداز بحری جہاز سے مسافروں کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: بل گیٹس نے کورونا کو بہت بڑا چیلنج قرار دے دیا

جہاز پر سوار 300 سے زائد امریکی مسافر امریکی ریاست کیلی فورنیا اور ٹیکساس پہنچ چکے ہیں، جہاں انہیں ملٹری بیسز پر 2 ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

امریکا پہنچنے والے ان افراد میں 14 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

آسٹریلیا، کینیڈا، ہانگ کانگ اور اٹلی مذکورہ بحری جہاز میں سوار اپنے شہریوں کو نکالنےکی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین