سانپ اور چوہے کی لڑائی

February 22, 2020

محمد شاہد نذیر۔ ضلع بہاولنگر

ایک چوہا کھانے کی تلاش میں کسی زمیندار کے کچن میں داخل ہوا، وہاں کھانے پینے کی چیزوں کی بہتات تھی ۔ اس نے خوب سیر ہوکر کھایا۔ اب تواس کا معمول تھا کہ وہ ڈٹ کر کھاتا اور باقی چیزوں کو خراب کردیتا اس پر زمیندار کی بیوی سر پیٹ کررہ جاتی، اچانک اسے ترکیب سوجھی اور وہ اپنی ہمسائی سے چوہے پکڑنے والا پھندا لے آئی، شام کو اس نے اس میں ایک امرود لگا دیا تاکہ وہ چوہا اس میں پھنس جائے جس نے اس کی زندگی اجیرن کررکھی تھی ۔

چوہے کو امرود کی خوشبو ائی لیکن اس وقت وہ امرود تک نہیں پہنچ سکتا تھا ۔ رات کو جب سب گھر والے سوگئے تو وہ چپکے سے اپنے بل سے نکلا اور خود ہی پھندے پر چڑھ گیا۔ جیسے ہی اس نے امرود کی طرف گردن بڑھائی اور امرود کو اپنی طرف کھینچا تو اس کی دم پھندے میں پھنس گئی، وہ پریشان ہوگیا اور اپنے آپ کو چھڑانے کے لیے زور لگانے لگا۔

خوش قسمتی سے دم کا پچھلا حصہ کٹ گیا اور وہ آزاد ہوگیا ۔ اب اس نے سرنگ نما بل بنانا شروع کیا دوسرے دن چوہا جب اپنے بل میں داخل ہوا تو ایک خوفناک سانپ کو دیکھ کر اس کے رونگٹے کھڑے ہوگئے وہ بھاگ گیا اور ایک تنگ راستے سے گھر میں داخل ہوا، سانپ نے چوہے کودیکھا تواس پر حملہ کردیا۔ سوراخ چونکہ تنگ تھا اس لیے وہ سوراخ میں داخل نہ ہوسکا۔

چوہے نے سانپ کو ادب اسے مخاطب کیا ۔ ’’ چچا جان یہ میرا گھر ہے میں نے اسے بڑی محنت سے بنایا ہے تم اسے خالی کردو اپنا ٹھکانہ کہیں اور بنالو‘‘۔ اس پر سانپ غصے میں آگیا اور کہنے لگا کہ ’’میں اس ٹھکانے کو کبھی خالی نہیں کروں گا۔ اگر تم میں طاقت ہے تو مجھ سے لڑائی کرلو جو جیت گیا وہ اس گھر کا مالک ہوگا‘‘۔ چوہا بولا ’’بل میں یہ مقابلہ ممکن نہیں۔ دوپہر کو باغ میں موجود بڑے پیپل کے نیچے آجانا وہیں دودو ہاتھ کرلیں گے‘‘ ۔ اگلے دن چوہا درخت کے نیچے پہنچا تو سانپ کو سوئے ہوئے دیکھ کر بہت خوش ہوا قریب ہی مالی درخت کے نیچے سو رہاتھا ۔

چوہا اس کے سینے پر چڑھ گیا اور اچھلنے کودنے لگا مالی چوہے کو مارنا چاہتاتھا لیکن چوہا بھاگ گیا مالی اسکے پیچھے بھاگنے لگا چوہا سانپ کے قریب سے گزر کر کسی محفوظ جگہ پر چھپ گیا مالی کی نظر سانپ پر پڑ گئی وہ چوہے کو بھول کر سانپ کی طرف بڑھا اس سے پہلے کہ سانپ اس پر حملہ آور ہوتا مالی نے ڈنڈے مار مار کر اس کا کچومر نکال دیا اور پھر گھڑا کھود کر سانپ کو وہیں دفن کردیا۔ اس طرح چوہے نے اپنی عقلمندی اور ذہانت سے اپنے سےکئی گنا بڑے جانور کو شکست سے دوچار کردیا ۔