میامی کی حیرت انگیز عمارات

February 23, 2020

میامی، امریکا کی جنوب مشرقی ریاست فلوریڈا کے اٹلانٹک ساحل پر واقع ایک اہم بندرگاہ ہے۔ اس کی مجموعی آبادی ساڑھےچار لاکھ سے زائد ہے۔2008ء میں فوربس میگزین کی جانب سے میامی کو صاف پانی کی فراہمی، صاف سڑکیں اور شہر بھر میں تیزی سے جاری ری سائیکلنگ پروگرام کے باعث "امریکا کا صاف ستھرا شہر" قرار دیاگیا تھا۔

اس کے علاوہ فنانس، تجارت ، ثقافت ، میڈیا ، تفریح، فنون لطیفہ، سیاسی مصروفیات اور بین الاقوامی تجارت کے باعث بھی یہ امریکا کا اہم مرکز تصور کیا جاتا ہے۔ ان تمام خصوصیات کے باعث 2009ء میں ہونے والے ایک مطالعہ میںمیامی کو امریکا کا سب سے امیر شہر اور خریداری کی طاقت کے لحاظ سے دنیا کا ساتواں امیر ترین شہر قرار دیا گیا تھا۔

اگر بات کی جائے میامی کی خوبصورت عمارتوں کی تو زیادہ تر لوگوں کا ذہن آرٹ ڈیکو کی جانب چلاجاتا ہے۔ اگرچہ یہ غلط نہیں لیکن نامکمل ضرور ہے کیونکہ ایسے میں آپ میامی میں موجود فن تعمیر کے ان شاہکاروں کو نظر انداز کررہے ہیں، جو اس کو مزید خوبصورت بناتے ہیں۔

اوشین ڈرائیو سے دور اگر آپ میامی کا نظارہ کریں تویہاں دیکھنے کو اور بھی بہت کچھ ہے۔ صدیوں سے اس شہر کو تاریخی عمارتوں کا شہر بھی تسلیم کیا جاتا ہے ۔

فریڈم ٹاور

فریڈم ٹاور کو 1924ء سے1925ء کے دوران میامی کے مشہور ومعروف اخبار کے دفتر کے طور پر تعمیر کروایا گیا تھا۔ اپنی قدیم ترین تاریخ میں فریڈم ٹاور اب تک کئی مشہور شخصیات اور مہاجرین کی رہائش گاہ کے علاوہ ثقافتی فن کے اظہار کا ذریعہ بھی ثابت ہوا ہے ۔ ’’ایلس آئرلینڈ آف ساؤتھ‘‘ قرار دیے جانے والے فریڈم ٹاور کا ڈیزائن ایک امریکی نے ڈیزائن کیا تھا۔ اس ٹاور کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتارہا، تاہم2012ء میں اسے ٹیرا گروپ کی جانب سے میامی ڈی کالج کو عطیہ کردیا گیا ۔

پیریز آرٹ میوزیم

پیریز آرٹ میوزیم (Pérez Art Museum)کا سابقہ نام میامی آرٹ میوزیم ہے، یہاںبین الاقوامی آرٹ کی نمائشیں منعقد کی جاتی ہیں۔ اس کا ڈیزائن پرٹزکر پرائز جیتنے والی مشہور سوئس آرکیٹیکٹ فرم ہرزوگ اینڈ ڈی میورون کا تیار کردہ ہے۔2لاکھ مربع فٹکے رقبے پر اس میوزیم کو آرٹ، ایجوکیشنل ایکٹیوٹیز، ریلیکسیشن اورڈائننگ کی سہولتوں کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔ وسیع وعریض پلیٹ فارم پر کینوپی طرز کی اس تین منزلہ عمارت میں سایہ دار برآمدہ اور پلازہ بھی موجود ہے۔

گیسو چرچ

گیسو چرچ میامی کے ڈاؤن ٹاؤن میں واقع ایک تاریخی رومن کیتھولک چرچ ہے۔ اس کی تعمیر1896ء میں کی گئی اور اسے میامی کے قدیم ترین رومن کیتھولک چرچ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

یہ چرچ لکڑی سے بنایا گیا تھا، جس کی تعمیر پر 3ہزار 600ڈالر لاگت آئی تھی۔ 18جولائی1974ء کواسے امریکا کے نیشنل رجسٹر میں بطور تاریخی مقام شامل کیا گیا۔ خوبصورت آرکیٹیکچر اور اسٹین گلاس ونڈو کی پوشاک پہنے اس کیتھولک چرچ کو شہر کے قلب کی حیثیت حاصل ہے۔ گیسو چرچ کی عمارت میامی کی مذہبی تاریخ اور شہر میں ہونے والی ترقی کی عکاس ہے۔

گروو ایٹ گرینڈ بے

میامی قدیم و جدید عمارت کا مرکز تو ہے ہی لیکن اگرآپ کچھ انوکھادیکھنے کے خواہشمند ہیں تو میامی کی2669اسٹریٹ بے شورپر واقع گروو ایٹ گرینڈ بے (Grove at Grand Bay)کا نظارہ کریں۔ چند سیکنڈ کے لیے اس عمارت کا گھومتا تعمیراتی ڈیزائن آپ کو پلکیں جھپکنے نہیں دے گا۔ اس بل کھاتی شاندار عمارت کی تعمیر 2016ء میں مکمل ہوئی۔

یہ عمارت دو ٹاورز پر مشتمل ہے اور دونوں ٹاورز کی بلندی 320فٹ ہے۔ جدید آرکیٹیکچرکی شاہکار یہ عمارت سابقہ گرانڈ بے ہوٹل کی جگہ بنائی گئی ہے۔یہ خوبصورت عمارت 20منزلوں پر مشتمل ہے اور میامی کے اسکائی لائن کی شان ہے۔