وہ شخص کون ہے؟ جہانگیر ترین کی میڈیا سے شکایت

February 23, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے روح رواں جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ملک میں 87 شوگر ملیں ہیں جن میں سے میری صرف چھ ہیں۔

ایک انٹرویو میں رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی میڈیا سیل بڑی تگڑی ہے یہی وجہ ہے کہ آٹا اور چینی بحران کی بازگشت ابھی تک سنی جارہی ہے ،اپوزیشن کا کام ہے بینڈ بجانا اور وہ آٹا اور چینی کے بحران کو لے کر اسمبلی میں اپنی تقریر کا آغاز کرتی ہے مسئلہ یہ ہے کہ عوام میں ہماری پارٹی کی جانب سے اس کی درست طریقے سے وضاحت نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے کہا ن لیگ کی نظر میں عمران خان کے بعد دوسرا بڑا ٹارگٹ جہانگیر ترین ہے ۔

میڈیا پر خلاف پروگرام پر ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پر کہیں میرے خلاف ایک آدھ ہوجاتا ہے مگر ایک خاص آدمی ہے جو میرے خلاف پروگرام کرتا ہے اور لگتا یہی ہے کہ اس کی میرے سے کوئی ذاتی عناد ہے اور شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ میں نے اس کے پروگرام میں جانے سے انکار کردیا تھا اور اب کبھی جاؤں گا بھی نہیں، نہ جانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب عمران خان کی ریحام سے طلاق کا سلسلہ شروع ہوا تو اس وقت سے یہ کہانی بھی شروع ہوگئی۔

اس وقت اس شخص نے پروگرام کیا کہ خان صاحب کی طلاق میری یعنی جہانگیر ترین کی وجہ سے ہوئی ہے جس پر میں نے اس حوالے سے کھل کر بات کی تھی او راس دن سے آج کا دن یہ صاحب میرے خلاف مسلسل پروگرام کرتے ہیں ابھی کچھ دن پہلے بھی میرے خلاف ایک پروگرام کیا ہے ان صاحب نے اور اس پر جتنے بھی الزامات لگائے ہیں جھوٹ اور بکواس ہیں ۔

چینی 55 سے 75روپے فی کلو تک پہنچنے کے حوالے سے انہوں نے کہا ایک سال پہلے یہ 55 روپے تھے لیکن اس سے دو سال پہلے یہ 79روپے کلو ہی تھی اور یہ بات خرم دستگیر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہی تھی جسے جیو نیوز نے اپنی ویب سائیٹ پر دکھایا تھا انہوں نے واضح کیا کہ یہ بات 2016 کی ہے اس کے بعد قیمتیں نیچے آگئیں کیونکہ ہمارے پاس گنے کی کھپت بہت زیادہ ہوگئی تھی ۔

میرا کردار شوگر انڈسٹری میں اس طرح کا ہے کہ میں کام بھی اچھا کرتا ہوں اور ٹیکس بھی پورا دیتا ہوں میری انکم پبلک کے سامنے ہے ،گنے کی قیمت بڑھنے کا فائدہ گنے کے کاشتکار کو جارہا ہے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا آئی بی کی رپورٹ اگر کسی کے پاس ہے تو میں کہتا ہوں کہ وہ منظر عام پر لے آئے جو اپنے پروگرام میں سنسنی خیز چیزیں دکھاتے ہیں یہ بھی دکھادیں ۔

چینی کی حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ چینی رکھی جائے تو 80 پیسے فی کلو کے حساب سے بینک کو دینا پڑتا ہے پچھلے تین سال میں گنے کی کاشت میں 30 سے 40فیصد ایریا کم ہوا ہے اس لئے اس سال گنا کم ہے اور قیمتیں بڑھ گئی ہیں ،یہی وجہ ہے کہ جن لوگوں کو گنے میں مار پڑی وہ مکئی کی طرف چلے گئے ،مکئی انہی علاقوں میں ہوتی ہے جہاں کپاس ہوتی ہے ۔

اس سوال کہ آپ پر تنقید ہوتی رہی مگر آپ کا دفاع آپ کی پارٹی نے بھی نہیں کیا جو باتیں آپ کررہے ہیں وہی بتادیتے میڈیا اور قوم کو جس کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا بالکل بتانا چاہئے تھا مگر یہی کمزوری ہے اس پر میں کیا کہہ سکتا ہوں ، مجھے بھی یہ چاہئے تھا کہ میں تمام لوگوں کو بٹھا کر ایک ایک چیز سمجھاتا اور ابھی بھی میں یہ کرسکتا ہوں آپ نے اچھا آئیڈیا دیا ہے۔

میں نے عثمان ڈار کو بتایا تھا اس نے اس کا ذکر بھی میڈیا پر کیا تھا جس کی تصدیق بھی کی گئی تھی ۔ سندھ نے دو ماہ میں صرف ایک لاکھ ٹن گندم اٹھائی ہے جبکہ 3 لاکھ ٹن ابھی بھی پاسکو کے پاس پڑی ہوئی ہے سندھ حکومت اٹھا ہی نہیں رہی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اللّٰہ تعالیٰ ہی اپنے بندوں کو امتحان میں ڈالتا ہے میری کوشش ہے کہ میں اس امتحان میں سرخرو ہوں۔