خیبرپختونخوا اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیاں تحلیل کردی گئیں، اپوزیشن کا شدید احتجاج

February 25, 2020

خیبرپختونخوا اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیاں تحلیل کردی گئیں

پشاور(ٹی وی رپورٹ، اے پی پی) خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے کے باوجود تمام قائمہ کمیٹیاں تحلیل کردی گئیں۔ جس پر اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہوکر احتجاج کیا۔جس سے مچھلی بازار بنا رہا اور اپوزیشن کے احتجاج کے باعث اجلاس صرف 40 منٹ چل سکا اور اسپیکر نے اجلاس کل 2 بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوااسمبلی کے اسپیکرمشتاق احمدغنی نے قبائلی اضلاع سے منتخب اراکین کی قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی دینے کیلئے 36اسٹینڈنگ کمیٹیوں کوتحلیل کرتے ہوئے ازسرنوکمیٹیوں کی تشکیل دینے کی منظوری دیدی۔پیر کے روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے قبائلی رکن شفیق شیرآفریدی نے نکتہ اعتراض پر کہاکہ فاٹاانضمام کو ہوئے کئی ماہ گزرچکے ہیں ایوان میںحکومت کی طرف سے یقین دہانی ہوئی تھی کہ قبائلی اراکین کو اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں شامل کیاجائے گا تاہم ابھی تک پرانی کمیٹیوں فعال ہیں جن میں قبائلی اضلاع سے منتخب اراکین کی نمائندگی نہیں انہوں نے مطالبہ کیاکہ موجودہ کمیٹیوں کو ختم کرکے نئی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ قبائلی اراکین کی شمولیت سے وہ اپنے حلقوں کے معاملات دیکھ سکیں وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہاکہ قبائلی اراکین کایہ جائز مطالبہ ہے کافی عرصہ ہوگیاہے انہیں نمائندگی ملنی چاہیے۔ اس موقع پراسپیکرمشتاق غنی نے کہاکہ کمیٹیاں بنان کااختیارانہیں ایوان نے دیاتھا اسوقت کئی کمیٹیاں اراکین کے مشیراورمعاون خصوصی بننے کی وجہ سے خالی پڑی ہیں کچھ ممبران اپنی کمیٹیاں تبدیل کرنے کے خواہشمندہیں اوربعض ممبران اب پارلیمانی سیکرٹری بننے والے ہیں اسلئے نئی کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے تحریک لائی جائے۔ بعدازاں متحرک رکن شفیق آفریدی نے کمیٹیوں کے خاتمے کیلئے تحریک پیش کی جسے اسپیکرنے منظور کرتے ہوئے آرٹیکل193کے تحت تمام سٹیڈنگ کمیٹیاں تحلیل کرتے ہوئے رولز154کے تحت نئی کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دیدی۔