حکومت نے پاکستان میں کورونا کے 2 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کردی

February 26, 2020

حکومت نے پاکستان میں کورونا کے 2 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کردی

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ’پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کرتا ہوں۔‘

معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ دونوں مریضوں کا اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں، صورتحال قابو میں ہے۔

وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ اشخاص کراچی اور اسلام آباد کے اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

حکام کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ایک شخص کراچی کے آغاخان اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ دوسرا شخص اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز یا پمز اسپتال میں زیر علاج ہے۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے اور اسلام آباد کے رہائشی شخص نے گزشتہ ہفتے ایران کا سفر کیا تھا واپسی پر اس کی طبیعت بگڑنے پر اسے پمز اسپتال لایا گیا جہاں پر کورونا وائرس کی تصدیق کردی گئی۔

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کا رہائشی 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہے۔

واضح رہے کہ پڑوسی ملک ایران میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے تفتان سرحد پر پیشگی اقدامات کر لیے گئے تھے۔

ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے باعث پاک ایران سرحدی علاقے تفتان میں امیگریشن گیٹ گزشتہ 4 روز سے بند ہے جس کے باعث لوگوں اور گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل ہے۔

چینی شہر ووہان سے پوری دنیا میں پھیلنے والے اس وائرس کی وجہ سے 2 ہزار سے زائد افراد چین میں ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔