دھمکیوں سے ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا، فضل الرحمٰن

February 27, 2020


جمعیت علماء اسلام (ف) کے سر براہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ دھمکیوں سے ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا ہم دوسروں پر رعب ڈالنے والے ہیں۔

کراچی میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمٰن نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے نوجوانوں کا مستقبل تاریک اور معیشت تباہ کردی ہے جبکہ پاکستان کی اقتصادی کمزوری کو دیکھتے ہوئے مودی کا رویہ بدل گیا ہے۔

اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن، محمود خان اچکزئی اور مولانا اویس نورانی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ حکمران آئین کی اسلامی دفعات کو نہ چھیڑیں نااہل حکمرانوں نے معیشت کو تباہ اور لاکھوں نوجوانوں کو بے روزگار کردیا ہے۔

محمود خان اچکزائی نے کہا کہ ادارے اور سیاسی جماعتیں ایک نئے جمہوری پاکستان کے قیام کیلئے مل کر بیٹھیں۔

شاہ محمد اویس نورانی کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ چینی، آٹا چرانے والوں اور بجلی گیس مہنگی کرنے والوں کے خلاف ہے۔