فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کی رہائشگاہیں

March 01, 2020

سو شل نیٹ ورکنگ کی سب سے مشہور ویب سا ئٹ’فیس بک‘ کے بانی مارک زکر برگ دنیا کی ایک ایسی امیر ترین شخصیت ہیں جن کے متعلق کہا جاتا ہےکہ’’ان کے اثاثوںکی مالیت اتنی ہے کہ وہ چاہیں تو روزانہ ایک نئی فراری (گاڑی )خرید سکتے ہیں‘‘۔ لیکن اس سب کے باوجود مارک زکر برگ کفایت شعاری میں اپنی مثال آپ ہیں۔

مارک زکر برگ کا طرز رہائش دنیا کی دیگر امیر ترین شخصیات کے برعکس سادہ مگر پُروقار ہے۔ تاہم زندگی میںسادگی اور حد درجہ کفایت شعاری اختیار کرنا اپنی جگہ، مگر سرمایہ کاری کے حوالے سے ان کی نظریں مختلف شعبوں پر ہوتی ہیں، جن میں سے ایک رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری بھی ہے۔ آئیے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کی چند جائیدادوںکے بارے میں جانتے ہیں۔

کریسنٹ پارک ہوم، کیلی فورنیا

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر پالو الٹو میں فیس بک آفس کے نزدیک مینلو پارک سے صرف10منٹ کی ڈرائیو پر ’’کریسنٹ پارک ہوم‘‘ واقع ہے۔ یہ مارک زکر برگ کی سب سے مشہور و معروف جائیداد ہے، جسے 1903ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ زکر برگ نے یہ گھر کو 2011ء میںیعنی پیریسیلا چین سے شادی سے ٹھیک ایک سال قبل 7ملین امریکی ڈالرمیں خریدا تھا۔

تعمیراتی خصوصیات کی بات کی جائے تو 5ہزار اسکوائر فٹ رقبہ پرمحیط یہ گھر پانچ بیڈروم اورپانچ باتھ روم پر مشتمل ہے۔ گھر کی سب سے خاص بات اس کا طرز تعمیر اور ہریالی کے درمیان گھرا ہونا ہے جبکہ کھارے پانی کا تالاب بھی موجود ہے۔ گھر میں شیشے کی چھت دھوپ کو اندر آنے کا موقع فراہم کرتی ہے جبکہ سن رو م اور عقبی حصے (بیک یارڈ) میں موجود خوبصور ت آبشار گھر میں آنے والے ہر فرد کو حیران کردیتی ہے۔

گھر کے بیرونی حصے میں بہت بڑا احاطہ بھی ہے، جہاں بڑی بڑ ی محفلیں سجائی جا سکتی ہیں۔ کریسنٹ پارک ہوم کا ایک اور خوبصورت حصہ ماسٹر بیڈ روم کے سائز کا اسپا ہے، جس میں موجود وسیع باتھ ٹب، سنگ مر مر کا گرم فرش اور دیواروں پر ہواخاکستری اورکریم رنگ وروغن دن اور رات دونوں اوقات میں یہاں ایک خوبصورت منظر پیش کرتا ہے۔

ٹاؤن ہاؤس، سان فرانسسکو

سان فرانسسکو کے مشن ڈسٹرکٹ اور ناؤ ویلی کے درمیان ڈولور ہائیٹ 21اسٹریٹ میں واقع ٹاؤن ہاؤس بھی فیس بک کے بانی کی ملکیت ہے۔ 1928ء میں تعمیر ہونے والے اس گھر کو مارک زکر برگ نے 2013ء میں 10ملین امریکی ڈالرمیں خریدا تھا۔ خریداری کے بعد مارک زکر برگ نے اس گھر کی تزئین و آرائش پر 1.6ملین امریکی ڈالر سے زائد رقم خرچ کی۔ انھوں نے65ہزار امریکی ڈالر کچن اور باتھ روم کی ری ماڈلنگ کرنے جبکہ 60ہزار امریکی ڈالر میڈیا روم اور اپنے گھر کو گرین ہاؤس بنانے پر خرچ کیے۔ایک رپورٹ میںبتایا گیا ہے کہ تمام تر تزئین و آرائش کا کام مکمل ہونے میں 17ماہ سے زائد کا عرصہ لگا ۔

کوآئی، ہوائی

2014ءمیں مارک زکر برگ نے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرتے ہوئے ہوائی کے جزیرے کوآئی (Kauai)میں357ایکڑ زمین خریدی (گنے کی فصل کی کاشت کیلئے) جبکہ پیلآ بیچ (Pila'a Beach) پر393ایکڑ سفید مٹی والی ساحلی پٹی خریدی تھی۔ اس ضمن میں انھوں نے100ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی۔ کوآئی، ہوائی کے حوالے سے مارک زکر برگ کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میں نے اور میری اہلیہ نے اس جائیداد کو ایک خاص مقصد کیلئے خریدا تھا اور وہ ہے قدرتی خوبصورتی کا تحفظ۔ واضح رہے کہ قدرتی خوبصورتی کے تحفظ کیلئے مارک زکر برگ اور ان کی اہلیہ نے 66ملین امریکی ڈالر اسی جائیداد میں شجرکاری پر بھی خرچ کیے ہیں۔

تاہو جھیل کے کنارے جائیدادیں

دنیا کے امیر ترین نوجوان مارک زکر برگ نے تاہو جھیل کے مغربی کنارے کے سامنے دو جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔ امکان ہے کہ وہ تیسری جائیداد بھی اسی جھیل کے سڑک پار کنارے خریدیں گے۔ کیروزیل اسٹیٹ (Carousel Estate) میں آنجہانی انویسٹمنٹ بینکر رابرٹ کوئسٹ کا خاندان رہتا تھا جبکہ دوسری پراپرٹی برش ووڈ اسٹیٹ (Brush Wood Estate)کی سابق مالکہ سان فرانسسکو کی ایک مخیر شخصیت تھیں۔ مارک زکر برگ نے دسمبر 2018ء میںکیروزیل اسٹیٹ 22ملین ڈالر جبکہ جنوری 2019ء میںبرش ووڈ اسٹیٹ 37ملین ڈالر میں خریدی تھی۔ یہ جائیدادیں امریکی ریاست نیواڈا میں واقع خوبصورت چٹانوں اور شفاف پانی والی تاہو جھیل سے متصل علاقے میں خریدی گئی ہیں۔

مجموعی طور پر دیکھا جائے تو مارک زکر برگ کی خریدی ہوئی جائیدادوں کی تعداد 10ہے، جن میں سے چار گھر پالو الٹو، کیلی فورنیا میں مارک زکر برگ کے گھر کے نزدیک ہیں جبکہ ہوائی میں موجود گھر مارک زکر برگ نے شجرکاری کا شوق پورا کرنے کے لیے خرید رکھا ہے۔