گھر کو نیا انداز دیتے لکڑی کے فرش

March 01, 2020

فرش آپ کے گھر کے داخلی دروازے سے لے کر آپ کے بیڈ روم تک جڑا رہتاہے ، اسی فرش پر آپ چلتےہیں، بیٹھتے ہیں اور بہت سے تو اپنا دسترخوان بھی اسی پر بچھا کر کھانا کھاتے ہیں۔ اگر آپ مکان تعمیر کروا رہے ہیں یا پھر اپنے گھرمیں تبدیلیاں لارہے ہیں تو آپ کو فرش کے ڈیزائن اور ساخت پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔

فرش کی تیاری مختلف قسم کے مٹیریل سے کی جاسکتی ہے، تاہم لکڑی کے استعمال سے فرش کو ایک نیا انداز دیا جاسکتا ہے۔ لکڑی کےفرش سے آپ کےگھر کی قدر و قیمت میں نہ صرف اضافہ ہوگابلکہ آپ کے مہمان بھی اس انتخاب کو سراہیں گے۔اس لئے آج کے مضمون میں ہم لکڑی کے فرش کے حوالے سے آپ کو کچھ مشورے دے رہے ہیں۔

اسٹینسلڈ ووڈ فلور

اسٹینسلڈ ووڈ فلور(Stenciled Wood Floor) لکڑی کا ایک ٹھوس فرش ہے، جس میں اسٹینسل یعنی نقش ونگا روالے خاکوں سے نقش و نگار بنائے جاتے ہیں۔ آپ لکڑے کے بنے فرش پر براہ راست کوئی بھی اسٹینسل یعنی نقش و نگار منتخب کرکے پینٹ کرواسکتے ہیں ۔ پینٹ کرنے کے بعدکمرے کو بند کردیں تاکہ کوئی بے خیالی میں گیلے پینٹ کو خراب نہ کردے۔ جب پینٹ خشک ہوجائےتو پھر آپ اس پر چل پھر سکتے ہیں۔

شاہ بلوط کا فرش

لکڑی کے فرش بہت فینسی اور عمدہ لُک دیتے ہیں اور آجکل کے ٹرینڈ زمیں بہت نمایاں ہیں۔ ایسے ہی شاہ بلوط یا اوک لکڑی کا فرش بہت مقبول اور استعمال میں اچھا ہوتا ہے۔ یہ لکڑی زیادہ مہنگی بھی نہیں ہوتی اور اس کے بہت سے شیڈز بھی دستیاب ہیں۔ شاہ بلوط لکڑی کی 600سے زائد اقسام ہیں۔ اپنی پائیداری کی وجہ سے یہ فرش کیلئے صدیوںسے استعمال ہورہی ہے، چاہے آپ اسے گھر کے کسی بھی کمرے میںلگائیں۔ یہ لکڑی سرخ یا سفید رنگ کی ہوتی ہے اور اگر اس کی باقاعدہ دیکھ بھال کی جائے تو اس کے نت نئے رنگ سامنے آتے ہیں۔ ایک حالیہ سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ شاہ بلوط کی لکڑی کے استعمال سے آپ کے گھر کی قدر وقیمت میں اضافہ ہوتاہے۔ جس گھر میں سخت لکڑی کا فرش بچھایا گیا ہو، اس کی خرید و فروخت میں بھی بہت آسانی ہوتی ہے۔

شاہ بلوط کی لکڑی کے مقبول ہونے کے باوجود اس کا فرش بچھانے سے پہلے آپ کو بہت سی باتیں جاننے کی ضرورت ہے۔ ا س کی دیکھ بھال اور انسٹالیشن وغیرہ میں دوسری اقسام کی لکڑی کے فرش کے مقابلے میں کچھ زیادہ خیال رکھنا پڑتاہے۔ اس کے اوپر بچھے قالین کی روزانہ صفائی کی ضرورت ہوتی ہے ، تاکہ اسے گرد سے پاک رکھا جاسکے ۔ تراش خراش کی گئی شاہ بلوط کی لکڑی کو خراب ہونے اور داغ کے مزاحم کے طور پر تیار کیاگیا ہوتاہے، اسی لیے اس کے فرش میں داغ سے تحفظ کی قدرتی خصوصیت آجاتی ہے۔ شاہ بلوط کی چھال میں موجود تیل اس لکڑی کو سڑنے ، داغ لگنے اور نظر نہ آنے والے نشانات سے محفوظ رکھتا ہے۔

فرش پر بچھے قالین میں موجود بیکٹیریا، پیراسائٹس، گردوغبار یا چھوٹے چھوٹے حشرات ہوتے ہیں، جو ہمارے لیے الرجی کا باعث بنتےہیں۔ لیکن اگر آپ نے شاہ بلوط کی لکڑی کا فرش بچھایا ہے تو آپ کو الرجی سے چنداں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ عموماً لکڑی کے فرش ان چیزوں کے وجودیا ان کی ناگوار بُو سے متاثر نہیں ہوتے، بالخصوص جب لکڑی کا فرش بچھاتے وقت اچھی طرح سیلنگ اور ویکسنگ کی گئی ہو۔

پلائی ووڈ فوکس پلانک فلورنگ

پلائی ووڈ فوکس پلانک فلورنگ (Plywood Faux Plank Flooring)روایتی ہارڈ ووڈ فلورنگ کے مقابلے میں بہت ارزاں ہوتی ہے۔ یہ نہ صرف آپ کے فرش کو دیدہ زیب بناتی ہے بلکہ اسے بچھانا بھی آسان ہوتاہے۔ ا سے خشک جگہ پر لگائیں یعنی کچن یا باتھ روم وغیرہ میں نہ لگائیں کیونکہ پانی لگنے سے یہ جلد خراب ہو جائے گی۔

اخروٹی لکڑی کا فرش

اخروٹی لکڑی کی کئی اقسام ہیں، جو اپنی نوعیت کے مطابق خشک کرنے، رنگنے اور مضبوطی کے لحاظ سے ملتی ہیں۔ اخروٹ کے درخت کو کاٹ کر جب حاصل شدہ لکڑی کوتیزی سے سکھایا جاتاہے تو یہ خشک ہوکر بھورے رنگ کی ہو جاتی ہے۔ دوسری طرف اگر اخروٹی لکڑی کو ہوا میں خشک کیا جائے تو یہ گہرے عنابی رنگ کی ہوجاتی ہے اور اس کو استعمال کرکے دلکش آرائشی اشیا بنائی جاتی ہیں۔ اخروٹی لکڑی کی سب سے اہم خصوصیت اس کا سخت ہونا ہے اور یہ گھر میں آرائش و سجاوٹ کیلئے عمدہ او ر منفرد ہوتی ہے۔

لکڑی کے فرش کی دیکھ بھال

ووڈ فلورنگ میں لکڑی کو لیمی نیشن سے گزار کر اسے فرش پر لگایا جاتا ہے۔ نفیس اشیا کی دیکھ بھال بھی نفاست سے کی جاتی ہے، لہٰذا لکڑی کے فرش کی صفائی کے لیے ویکیوم کلینر لازمی ہے۔ اگر پانی سے فرش کو دھونا ہو تو کبھی بھی پانی کو براہ راست فرش پر نہ گرائیں بلکہ وائپر کو گیلا کرنے کے بعد اسے نچوڑ کر پوچا لگائیں ورنہ پانی اپنا داغ لکڑی پر چھوڑ جائے گا۔ لکڑی کچھ عرصے بعد اپنی چمک کھو دیتی ہے، اگر آپ کا فرش چمک کھورہا ہے تو اس پر پالش کروائیں۔