ناخنوں سے صحت کا راز جانیں

March 05, 2020

آپ کو بھی اپنی زندگی میں ایسے درجنوں لوگ ملے ہوں گے جو ہاتھ دیکھ کر مستقبل یا ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف پیشن گوئیاں کرتے ہیں (مثلاًآپ کی شادی کب ہو گی، آپ بیرون ملک کب جائیں وغیرہ وغیرہ )۔ تاہم پورے وثوق کے ساتھ یہ نہیں کہا جاسکتا کہ آیا یہ سچ ہے یا جھوٹ۔ البتہ آپ کے ناخنوںکے بارے میںوثوق سے کہا جاسکتا ہے کہ یہ آپ کی صحت کے راز ضرور فاش کرسکتے ہیں کیونکہ طبی ماہرین کی رائے کے مطابق، ’’ناخن انسان کی جسمانی صحت کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ صحت مند ناخنوں کی علامت یہ ہے کہ وہ ہموار اور یکساں رنگ کے ہوتے ہیں‘‘۔ اگر آپ کے ناخن کا رنگ یا بناوٹ بےقاعدگی کا پتا دیتی ہے تو سمجھ لیں کہ اس بات کا تعلق آپ کی جسمانی کمزوریوں یابیماریوں سے بھی ہوسکتا ہے۔ طبی ماہرین اس بارے میں مزید کیا رائے دیتے ہیں آئیے جانتے ہیں۔

بے رونق یا زرد ناخن

ناخنوں کی رنگت کا بہت زیادہ پیلا یا زرد ہوناکسی سنگین یا خطرناک بیماری کی جانب اشارہ کرتاہے۔مثلاً

٭انیمیایا خون کی کمی۔ یہ ایک ایسا مرض ہے، جس میں مبتلا افراد ہیموگلوبن یا خون میںسرخ ذرات کی کمی کا شکار ہوتے ہیں۔

٭ امتلائی دل کا دورہ (Congestive Heart Failure)۔ یہ اس وقت پڑتا ہے جب دل کو مناسب مقدار میں خون نہیں مل پاتا۔

٭ جگر کی بیماریاں

٭ ناقصغذائیت(مثلاً جسم کو متوازن خوراک کا نہ ملنا)

تاہم خواتین میں ناخنوں کی رنگت پیلی ہوجانے کی ایک وجہ بہت زیادہ نیل پالش کا استعمال بھی ہوسکتا ہے۔

ناخنوں کے گہرے کنارے اور سفید رنگت

اگر آپ کے ناخنون کے کنارے گہرے اور رنگ بہت زیادہ سفید ہے تو ناخنوں کی یہ رنگت جگر کے مسائل کی نشاندہی کرتی ہے مثلاً ہیپاٹائٹس۔ ہیپاٹائٹس عام طور جگر کی سوزش کو کہا جاتا ہے، جس کا سبب ایک وائرل انفیکشن ہوتا ہے۔ طبی ماہرین ہیپاٹائٹس کو تین اقسام اے، بی اور سی میں تقسیم کرتےہیں۔

پیلی رنگت والے ناخن

ناخنوں کی رنگت کا اچانک بہت زیادہ پیلا ہوجانا،فنگل انفیکشن کی جانب اشارہ کرتا ہے۔ یہ انفیکشن مختلف بیکٹیریا کے سبب انسانی جسم کے مختلف حصوں پر حملہ آورد ہوتا ہے۔ اس انفیکشن کے سبب ناخن بہت زیادہ موٹے اور بھربھرے ہوکر آسانی سے ٹوٹ جاتے ہیں۔ غیر معمولی طور پرناخنوں کی پیلی رنگت، شدید قسم کے تھائی رائیڈ، پھیپھڑوں، ذیابطیس اور چنبل (خارش یا ایک ایسا جِلدی مرض جس کی خصوصیت گرمی دانوں کے سرخ چتھےہوتے ہیں)جیسے امراض کی نشاندہی کرتی ہے۔

پھولے اور مڑے ہوئے ناخن

اگر آپ کے ناخنوں کے اردگرد کی جِلد پھولی ہوئی اورسرخ رنگ کی ہے تو یہ بات ناخنوں میں سوزش کی جانب اشارہ کرتی ہے۔ دوسری جانب یہ ٹشوزمیں خرابی کا بھی نتیجہ ہوسکتی ہے۔ ٹشوز میں کسی قسم کے انفیکشن سے ناخنوں کے اردگرد کی جِلد سرخ ہوجاتی ہے اور یہ سوزش کا سبب بن جاتی ہے۔

ناخنوں کی نیلی رنگت

اگر آپ کے ناخنوں کی رنگت تیزی سے نیلی ہورہی ہے تو ہوسکتا ہے کہ یہ رنگت اپنے اندر بہت سی وجوہات پوشیدہ رکھے ہوئے ہو۔

٭ ناخنون کی نیلی رنگت آکسیجن کی ناکافی مقدار کی جانب اشارہ کرتی ہے۔

٭نیلی رنگت والے ناخنوں کو پھیپھڑوں کے امراض مثلاًایمفیسیما(ایک ایسی کیفیت جس میں پھیپھڑووں میں پھیلی ہوئی ہوائی نالیاں غیر معمولی یا غیر طبعی طور پر کشادہ ہوجاتی ہیں) سے منسلک کیا جاتا ہے۔

٭مختلف اقسام کی دل کی بیماریوں کو بھی ناخنوں کی نیلی رنگت سے منسلک کیا جاتا ہے۔

ناخنوں کے نیچے سیاہ لکیروں کا پڑجانا

اگر آپ کے ناخنوں کی نچلی سطح پر سیاہ لکیریں ہیں تو آپ کو فوری پر طبی ماہرین سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ جِلدی کینسر کی علامات میں سے ایک ہے ۔

سطح داریا کھردے ناخن

اگر آپ کے ناخنوں کی اوپری سطح کھردری یا سطح دار ہے تویہ جوڑوں کی سوزش اور psoriasis جیسے امراض کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔ ان ناخنوں کی اندرونی سطح عام طور پرریڈش براؤن ہوتی ہے۔

ناخنوں کا غیر معمولی طور پر ٹوٹ جانا

کسی چوٹ یا کوئی چیز تیزی سے کھولے جانے کی صورت ناخنوں کا ٹوٹ جانا عام سی بات ہے۔ تاہم اگر آپ کے ناخن غیر معمولی طور پر ٹوٹ جاتے ہیں تویہ تھائی رائیڈ جیسے سنگین مرض کی جانب اشارہ ہوسکتا ہے۔ اگر ٹوٹنے والے ناخنوں کی رنگت کنارے سے پیلی ہو تو یہ رنگت فنگل انفیکشن (پھپھوندی ) کی جانب بھی اشارہ کرتی ہے۔