لاس اینجلس کی متاثر کن عمارات

March 22, 2020

لاس اینجلس آبادی کے لحاظ سے امریکی ریاست کیلیفورنیا کا سب سے بڑا اور ریاستہائے متحدہ امریکا کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے۔ لاس اینجلس کے معنی ’فرشتوں کا شہر‘ ہے اور اس کے نام کی بھی اپنی ایک منفرد، دلچسپ اور طویل تاریخ ہے۔ کہتے ہیں کہ اس شہر کے لیے جب سے یہ نام منتخب کیا گیا، اس شہر کی آبادی میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔

آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ اضافی گھروںاور دیگر تعمیرات کی ضرورت بڑھتی گئی۔ شہر میںکئی فلک بوس اور دلکش عمارتیں بھی تعمیر کی گئیں، جو اسے امریکا کے دیگر شہروں سے ممتاز کرتی ہیں۔ ان عمارتوں کواب تک ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں بھی دکھایا جاچکا ہے۔ آج کے مضمون میںچند مشہور ومعروف عمارتوں کا ذکر کرتے ہیں جو لاس اینجلس کی اہمیت نمایاں کرتی ہیں۔

بے سٹیز گارنٹی بلڈنگ

لاس اینجلس کی مشہور عمارت ’’بےسٹیز گارنٹی بلڈنگ‘‘کی تعمیر 1930ء میں مکمل کی گئی۔ اس کا ڈیزائن لاس اینجلس کی مشہورفرم واکر اینڈ آئسن نے آرٹ ڈیکو اسٹائل میں ڈیزائن کیا ہے۔

آرٹ ڈیکو آرکیٹیکچرل ڈیزائننگ کے لیےعام طور پر عمودی طرز کا ڈھانچہ بنانے پر زور دیا جاتا ہے۔ ٹاور کے اوپری حصے میں لگی گھڑی چھت پر بنی چار منزلوں کے اُوپر بنائی گئی ہے، جسے17ویں صدی کے مقبول ٹائلز ڈیزائن ٹیرا کوٹامیں نصب کیا گیا ہے۔ عمارت میں لگا ٹیرا کوٹا مٹیریل اس کی شان وشوکت میں اضافہ کرتا ہے۔ اس عمارت کوکلاک ٹاور کے نام سے بھی جانا جاتاہے،تاہم اب یہاں آفسز قائم ہیں۔40سال تک یہ عمارت، سانتا مونیکا علاقے کی سب سے بلند ترین عمارت کے طور پر مقبول رہی۔

گریفتھ آبزرویٹری

جان سی آسٹن اور فریڈرک ایم ایشلےکی ڈیزائن کردہ اس عمارت کی تعمیر 1935ء میں مکمل کی گئی۔ یہ عمارت جنوبی کیلیفورنیا سمیت دنیا بھر میں علم فلکیات کے حوالے سے معروف رہی ہے۔ کسی بھی دوسری ٹیلی اسکوپ کے مقابلے گریفتھ آبزرویٹرری ٹیلی اسکوپ کے ذریعے زیادہ افراد فلک کا مشاہدہ کرچکے ہیں۔ اس تمثیلی عمارت کو اب تک 300سے زائد فلموں اور ٹی وی شوز میںبھی دکھایا جاچکا ہے۔ گریفتھ آبزرویٹری کو لاس اینجلس کی امتیازی عمارت کا درجہ حاصل ہے اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے اسے بہترین سیاحتی مقام مانا جاتا ہے۔ کم ازکم 80سال قدیم اس تعمیراتی ڈھانچے کے لیے جگہ گریفتھ جے گریفتھ نامی شخص نے شہری انتظامیہ کو بطور تحفہ دی تھی۔

ایسٹرن کولمبیا بلڈنگ

لاس اینجلس میں اندرون شہر واقع تعمیراتی شاہکار ’’ایسٹرن کولمبیا‘‘ بلڈنگ کا ڈیزائن امریکن آرکیٹیکچرکلاڈ بیلمین کا ڈیزائن کردہ ہے۔ ایسٹرن کولمبیا بلڈنگ کے بیرونی حصے کو جدید اور دلکش بنانے کے لیےجاذب نظر ٹیل(teal)رنگ کے ٹیراکوٹا اور آنکھوں کو بھاتے منفرد گولڈن، شیورون اور سن برسٹ رنگوں کا دیگر مواد استعمال کیا گیا ہے۔ عمارت کے بیرونی رُخ گھڑی بنی ہوئی ہے اور اس کے اوپر اسٹیل سے خوبصورت انداز میں ایسٹرن لکھا ہوا ہے۔ عمارت کی بالائی منزل اور گراؤنڈ فلور پر ایک ہی انداز سے خوبصورت اور دیدہ زیب دکانیں بنائی گئی ہیں۔ یہ چند منفرد خصوصیات تیزی سے اس عمارت کو ایک ہوٹل سے نزدیک براڈوے کا سیکشن بنارہی ہیں۔

والٹ ڈزنی کنسرٹ ہال

لاس اینجلس کے ڈاؤن ٹاؤن میں111ساؤتھ گرینڈ ایوینیو کا والٹ ڈزنی کنسرٹ ہال ’لاس اینجلس میوزک سینٹر‘ کا چوتھا ہال ہے، جس کا متوجہ کرتا منفرد اور چمکیلا ڈیزائن فرینک گیری نے تیار کیا تھا۔ اس پرفارمنس وینیو کی تعمیر کے لیے1987ء میں والٹ ڈزنی کی بیوہ لیلن ڈزنی نے لاس اینجلس کے لوگوں کو تحفے اور اپنے شوہر کی فن کے ساتھ والہانہ عقیدت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےابتدائی طور پر 50ملین ڈالر کی امداد دی تھی۔ گرینڈ ایوینیو میں پہلی اور دوسری گلی سے منسلک کنسرٹ میں 2ہزار265افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ہال انگور کے باغ میں بیٹھنے کی ترتیب سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ فن تعمیرات کا یہ اچھوتا نمونہ 24اکتوبر2003ء کو عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔

لیکس تھیم بلڈنگ

لاس اینجلس کے انٹرنیشل ایئرپورٹ پر واقع لیکس تھیم بلڈنگ (LAX Theme Building) آسٹریلوی آرکیٹیکچرگوجی کے ڈیزائن کردہ اچھوتے تعمیراتی فن کی ایک نمایاں مثال ہے۔ گوجی نے مشہور کارٹون ’دی جیٹسن‘ میں دکھائے جانے والے ایئر کرافٹ سے متاثر ہوکر ڈیزائن کیا تھا۔ یہ عمارت ریستوران کے لیے ڈیزائن کی گئی تھی۔ لیکس تھیم بلڈنگ کو 1961ء میں عوام کے لیے کھولاگیا تھا اور جب سے اب تک یہ صرف ویک اینڈ پر ہی عوام کے لیے کھولا جاتا ہے۔ اس کی تزئین نو پر 4ملین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی تھی۔ ایئرپورٹ سے ملحقہ اس عمارت سے کیا جانے والا نظارہ بہترین تصور کیا جاتاہے۔

ہالی ووڈ باؤل

ہالی ووڈ باؤل لاس اینجلس کے علاقے ہالی ووڈ ہلز کے نزدیک واقع ایک آؤٹ ڈور تھیٹر ہے، جو لاس اینجلس کے مشہور مقامات میںسے ایک مانا جاتا ہے۔ بنیادی طور پر یہ جگہ کنسرٹ پرفارمنس کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ ماضی میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات یہاں اپنی پرفارمنس پیش کرچکی ہیں۔ خول نما ہالی ووڈ باؤل کی تعمیر 1920ء میں کی گئی تھی اور جب سے اب تک مختلف ادوار میں اس کی تعمیر نو کی جاتی رہی ہے۔ 1959ء سے 1972ء کے دوران اس جگہ کی رونق اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے واٹر فیچر اور لائٹ فیچر کا اضافہ کیا گیا تھا۔ آخری بار ہالی ووڈ باؤل کی تعمیرنو 2004ء میں کی گئی تھی، جس میں 18ہزار افراد کیلئے سٹنگ ارینجمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔