فیصل قریشی نے فلم ضرار کے ٹریلر کو سپر سے اوپر قرار دیدیا

March 26, 2020

فیصل قریشی نے فلم ضرار کے ٹریلر کو سپر سے اوپر قرار دیدیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)شان شاہد نے اپنے ٹوئٹ میں ’ضرار‘ کا 3 منٹ 34 سیکنڈ دورانیے پر مشتمل ٹریلر شئیر کیا جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ شان شاہد ضرار نامی کردار ادا کررہے ہیں جو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) سے جڑے ہوئے ہیں۔ٹریلر میں فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم وہ اس سے قبل بتا چکے ہیں کہ فلم کو اسی سال ریلیز کردیا جائے گا۔اداکار فیصل قریشی نے ٹریلر کو سُپر سے بھی اوپر قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔حقیقی خطرات پر مبنی فلم ’ضرار‘ میں شان بھرپور ایکشن میں دکھائی دیں گے۔فلم کی کہانی خود شان شاہد نے تحریر کی جبکہ سینئر آرٹسٹ نیئر اعجاز منفی کردار اور ندیم بیگ اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔پاکستانی تاریخ کے بھاری بجٹ اور جدید ٹیکنالوجی سے بنائی جانے والی فلم ’ضرار ‘کے لیے پروڈیوسر عدنان بٹ نے ہالی ووڈ کے ڈائریکٹر ٹموتھی کی خدمات حاصل کی تھیں جنھوں نے پاکستان میں فلم کی عکسبندی کی، ان کے ساتھ اداکار شان نے بھی بطور معاون ہدایتکار کے طور پر فرائض انجام دیے۔فلم میں اداکار شان شاہد نے مرکزی کردار نبھایاہے، ہیروئن کے کردار کیلئے دبئی میں ماڈلنگ کرنے والی آرٹسٹ کرن ملک کو کاسٹ کیا گیا ہے۔اداکار شان شاہد کے ایک بیان کے مطابق فلم ’ضرار‘ جدید طرز کی فلم ہے جس کی شوٹنگ برطانیہ اور پاکستان میں کی گئی ہے ۔اپنے طرز کی اس ایکشن سے بھرپور فلم کے ٹریلر کو ریلیز ہوتے ہی مثبت ردعمل ملا، ٹوئٹر پر معروف کامیڈین اور اداکاروں نے شان کی اس نئی فلم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مصطفی چوہدری نے لکھا کہ عالمی وبا کے خطرے کے پیش نظر گھروں میں رہیں اور اس ٹریلر سے محظوظ ہوں۔